اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے 45 رکنی وفد نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ کیا۔ سینیٹ کے اعلیٰ حکام نے وفد کو پارلیمنٹ کے مختلف امور اور شعبوں سے روشناس کرایا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق وفد کو سینیٹ میوزیم کا دورہ کرایا گیا جہاں پارلیمنٹ کی تاریخ اور اس کے ارتقاء پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وفد کو سینیٹ کی تاریخ پر مبنی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں سینیٹ کے قیام، اس کے تاریخی فیصلوں اور پارلیمانی روایات پر روشنی ڈالی گئی۔بعد ازاں وفد کو سینیٹ ہال کا دورہ بھی کرایا گیا جہاں پاکستان کی پارلیمانی تاریخ، قانون سازی کے عمل اور سینیٹ کے کردار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس دوران طلبہ نے سینیٹ کے امور اور پارلیمانی طرز عمل کے حوالے سے مختلف سوالات بھی کیے جن کے تفصیلی جوابات دیئے گئے۔