گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج ایبٹ آباد کی سائنسی سوسائٹی کا ”اوزون تہہ کی کمی“ کے موضوع پر آگاہی سیمینار

گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج ایبٹ آباد کی سائنسی سوسائٹی نے ”اوزون تہہ کی کمی“ کے موضوع پر کامیاب آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا

ایبٹ آباد۔ 19 ستمبر (اے پی پی):گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج ایبٹ آباد کی سائنسی سوسائٹی نے ”اوزون تہہ کی کمی“ کے موضوع پر کامیاب آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا مقصد طالبات کو اوزون تہہ کی اہمیت اور ماحول کے تحفظ کی فوری ضرورت سے آگاہ کرنا تھا۔ ترجمان گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب کا آغاز کلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت جویریہ نثار اور نعتِ رسول مقبول ﷺ کی سعادت تنزیلہ نے حاصل کی۔ شعبہ طبیعیات کی بسمہ نے اپنی شاعری سے لوگوں کو محظوظ کیا جبکہ نظامت کے فرائض شعبہ طبیعیات اور شعبہ نباتیات کی طالبات نے سرانجام دیئے۔ سٹیج کی سجاوٹ شعبہ نفسیات کے حصہ میں آئی۔ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ افضل نے اوزون تہہ کی کمی پر ایک تفصیلی اور معلوماتی پریزنٹیشن پیش کی جس میں ماحولیاتی چیلنجز اجاگر کئے گئے اور طالبات کو ذمہ دارانہ طرز عمل اپنانے کی ترغیب دی گئی۔ شعبہ کیمسٹری (فضہ مومنہ اور سجاد) نے بھی سائنسی موضوع پر پریزنٹیشن پیش کی۔ شعبہ نباتیات نے ایک تخلیقی خاکے ”سکٹ“ کے ذریعہ پیغام کو دلچسپ اور سمجھنے میں آسان انداز میں پیش کیا۔ اختتامی کلمات سائنسی سوسائٹی کی انچارج میم گل نسرین نے پیش کئے جنہوں نے تمام شریک شعبہ جات اور طالبات کی کاوشوں کو سراہا۔