گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر نے سرگودھا بورڈ میں دو پوزیشنیں حاصل کر لیں

273

بھکر۔ 04 ستمبر (اے پی پی):انٹر میڈیٹ نتائج ،گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر نے سر گودھا بورڈ میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے سمیت دو پو زیشنیں حاصل کر لیں ۔ تفصیلات کے مطابق بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سر گودھا نے انٹرمیڈیٹ کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا ہے ۔ جس کے مطابق گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر کے طالب علم حمزہ مجید نے 1156 نمبرز کے ساتھ بورڈ میں مجموعی طور پر اور پر ی میڈیکل بوائز گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے ۔

کالج کے ایک اور طالب علم محمد زاران حیدر نے 1104 نمبرز کے ساتھ جنرل سائنس گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔ان شاندار کامیابیوں پر پرنسپل ادارہ پروفیسر نعیم الحق چودھری نے پوزیشن ہولڈر طلبا ان کی فیملی اور کالج کے تمام فیکلٹی ممبرز کو مبار کباد پیش کی ہے ۔پو زیشن ہولڈر طلبا کو آج سرگودھا بورڈ میں منعقد ہونے والی ایک پروقار تقریب میں کمشنر سر گودھا / چیئرمین سرگو دھا بورڈ جہانزیب اعوان انعام و اعزاز سے نوازیں گے ۔ واضح رہے کہ قبل ازیں گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر کے طلبا و طالبات ایم اے کے مختلف امتحانات میں منفرد ریکارڈ قائم کرتے ہوئے یونیورسٹی آف سر گودھا سے نمایاں پو زیشنیں حاصل کر چکے ہیں ۔