لاہور۔23مارچ (اے پی پی):گور نر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اتوار کے روز گورنر ہائوس لاہور میں یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں کار کردگی کا مظاہر ہ کرنے والی 15شخصیات کو پروقار تقریب میں اعلی سول اعزازات سے نوازا۔
گورنر پنجاب نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے نامزد کردہ نمایاں شخصیات میں ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس جیسے اعلی سول اعزازات تقسیم کئے۔ستارہ امتیاز کا ایوارڈز حاصل کرنے والو ں میں آنجہانی کولن ڈیوڈ جو ان کی بیوہ پروفیسر رخسانہ ڈیوڈ نے وصول کیا، سلمہ اعوان ، میاں عزیز احمد(مرحوم)کا ایوارڈ ان کے بیٹے میاں رفیق نے وصول کیا اور سینئر صحافی سلمان غنی شامل تھے جبکہ صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی حاصل کرنے والوں میں حامد رانا، صاحبہ ارشد، فریحہ پرویز اور عامر اشفاق شامل تھے۔
تمغہ امتیاز کا ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں رفیع الدین، عماد شکیل بٹ، رباب سکندر، سینئر اینکر مزمل سہرودی، معروف صحافی کامران شاہد، نصراللہ ملک اور منیب فاروق شامل تھے۔ تقریب میں سرکاری افسران اور سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575727