لاہور۔16اپریل (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے چیئر مین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی،
انھوں نے گور نر پنجاب کو سی پیک کے جاری منصوبوں کے بارے بتایا اور ملاقات میں سی پیک اور دیگر معاشی منصوبوں کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی جبکہ چوہدری محمدسرور نے چیئر مین سی پیک اتھارٹی کے ملکی معاشی ترقی اور سی پیک میں کردار کو سراہا،
گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے روشن مستقل کی ضمانت ہے۔پاک چین دوستی کے مظہر اس منصوبے کو ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے روشن مستقل کی ضمانت ہے سی پیک کی تعمیر کے مسلسل مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
اْنہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان آج چٹان سے مضبوط دوستی ہے اور دونوں ممالک ہر فورم پر ایک دوسر ے کیساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر میں پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
اْنہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی تقدیر بدلنے کے لیے اہم منصوبہ ہے اور پاکستانی حکومت اور عوام کی سی پیک کو دلی حمایت حاصل ہے۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ تحر یک انصاف کے اقتدارمیں آنے سے پہلے ملک کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کی جا رہی تھیں مگر وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحر یک انصاف نے اقتدار میں آکر پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا اور آج تمام عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کا اعتراف کر رہے ہیں۔
گورنر نے کہا کہ صنعتی شعبے سمیت دیگر شعبوں میں سر مایہ کاری اور روزگار میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ چیئر مین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک اتھارٹی کے پورے ملک میں سی پیک کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
اْنہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کا پائلٹ پراجیکٹ ہے اورانشااللہ سی پیک کے تمام منصوبے بروقت مکمل ہونگے۔ اْنہوں نے کہا کہ سی پیک سے ملک میں معاشی ترقی کیساتھ روزگار میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔