گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کا غریب خاندانوں میں راشن تقسیم کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

88

لاہور۔24 اگست (اے پی پی )گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان سیاست اور حکومت چھوڑ سکتا ہے لیکن کسی کے ساتھ ڈیل نہیں کریںگے۔ نواز شریف کے علاج کا معاملہ اس وقت کہا ں ہے یہ جاننا عوام کا حق ہے ۔ (ن) لیگ کو بھی چاہئے کہ وہ ان کی صحت کے حوالے سے تمام رپورٹس اور حقائق حکومت او ر عدلیہ کو بھجوائیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کووزیر اعظم عمران خان کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور جب تک ان کو اعتماد حاصل ہے وہ وزیر اعلیٰ رہیں گے۔ وہ سوموار کے روز شاہدرہ میں ہلال احمر کے زیر اہتمام غریب خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر ہلال احمر کے چیئرمین ابرار الحق ، زکوة عشر کمیٹی کے صدر شبیر سیال ، تحریک انصاف کے رہنما چوہدری خالد گجر، اکبر خاںاور ملک آصف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا کہ نواز شریف کے معاملے پر ایک بات کلیر ہے کہ ان کا بیرون ملک جانا کسی ڈھیل کا حصہ نہیں اور جو لوگ وزیر اعظم عمران خاں کو جانتے ہیں ان کو معلوم ہوناچاہئے کہ وہ سیاسی دباﺅ میں آنے والا نہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ نواز شریف اس لئے بیرون ملک گئے کیونکہ وہ اپنا علاج کروانا چاہتے تھے لیکن موجودہ حالات میں اس حوالے سے مختلف باتیں ہورہی ہیں اور اب (ن) لیگ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس حوالے سے قوم کو حقائق بتائے اور عوام کو بھی یہ حق حاصل ہے کہ ان کو تمام حقائق بتائے جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ جب بھی کوئی حکومت مخالف تحریک چلتی ہے تو اس کے لئے ایک نظریے اور سوچ کی ضرورت ہوتی ہے مگر اپوزیشن کے پاس کوئی نظریہ اور سوچ نہیں۔اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں اپنے اپنے فائدے کے لئے سوچ رہی ہیں اس لئے مجھے یہ نہیں لگتا کہ اپوزیشن حکومت مخالف کوئی تحریک چلائے گی۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خاں وہ لیڈر ہے جو ہمیشہ ایمانداری کی سیاست کرتا ہے اور کرپشن کے خلاف بھی تحریک انصاف کا بڑا اصولی اور واضح موقف ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ نیب سمیت تمام ادارے مکمل آزادی کے ساتھ کام کرہے ہیں کرپشن کا خاتمہ ملک اور قوم کے لئے ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے متعلق سوال کے جواب میں گورنرپنجاب نے کہا کہ عثمان بزدار کے حوالے سے آئے روز سیاسی مخالفین مختلف پرپیگنڈا کرتے ہیں وہ وزیر اعظم عمران خان کے اعتماد سے وزیر اعلیٰ بنے ہیں اور جب تک انہیں عمران خان کا اعتماد حاصل ہے وہ وزیر اعلی رہیں گے مخالفین جو مرضی کرتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کورونا کے خلاف کامیابی وزیر اعظم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈاﺅن پالیسی کے ذریعے ہی ممکن ہوئی ہے اور آج دنیا حیران ہورہی ہے کہ پاکستان نے کس کامیابی کے ساتھ کورونا وبا ءکو کنٹرول کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ انشا اللہ ہر شعبے میں پاکستان کامیابی کے ساتھ آگے بڑھتا رہے گا۔گورنر نے کہا کے کورونا بحران کے دوران ہم نے پی ڈی این کے پلیٹ فارم سے 15لاکھ سے زائد غریب خاندانوں مےں راشن تقسےم کےا ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں احساس پروگرام کے تحت حکومت نے شفاف طریقے سے 11 کروڑ خاندانوں کو فی کس 12 ہزار روپے تقسیم کئے ہیں۔ اس موقع پرہلال احمر کے چیئرمین ابرار الحق نے کہا کہ ہلال احمر ہمیشہ غریبوں کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے اور آج ہم نے یہاں پرسینکڑوں ایسے غریب خاندانوں کو راشن دیا ہے جو کورونا بحران کی وجہ سے بے روزگار ہوئے ۔ اُنہوں نے کہا کہ انشااللہ آنے والے دنوں میں بھی غریب خاندانوں کو راشن کی فراہمی سمیت دیگر ریلف فراہم کریں گے۔