گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور کی کامن ویلتھ پارلیمنٹری یوکے کی رکن سعیدہ وارثی، ناز شاہ اور چیئر مین پی سی بی احسان مانی سے گفتگو

131
APP57-22 LAHORE: February 22 – Chairman PCB, Ehsan Mani calls on Punjab Governor, Ch. Muhammad Sarwar at Governor House. APP

لاہور۔22فروری(اے پی پی )گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ بھارت فیصلہ کر لے مذاکرات کر نے ہیں یا لڑنا ہے، ہم تیار ہیں مگر مسئلہ کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، ملکی مفادات کے تحفظ کیلئے حکومت اور پار لیمنٹ سب ایک صفحہ پر موجود ہیں۔ ہم نے ہمیشہ اَمن اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کر نے کی بات کی ہے مگر بھارت کے سر پر جنگی جنون سوار ہے جو انکو لے ڈوبے گا۔قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے قومی امنگوں کی تر جمانی ہیں۔ عالمی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کروانے کیلئے اپنا کردار ادا کر یں۔بندوق اور گولی کی طاقت سے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی کوشش میں کامیاب ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ پاکستان اَمن پسند ملک ہے اوردہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں دے چکا ہے۔ پی ایس ایل کی وجہ سے پاکستان میں کر کٹ کی بحالی یقینی ہو چکی ہے ۔ حکومت انٹر نیشنل کر کٹ کی بحالی کیلئے پاکستان کر کٹ بورڈ کے ساتھ مکمل تعاون کر یں گی۔ وہ گور نر ہاﺅس لاہور میں کامن ویلتھ پار لیمنٹری یوکے کی رکن سعیدہ وارثی اور ناز شاہ سمیت دیگر کی قیادت میں ملاقات کر نیوالے وفد اور پاکستان کر کٹ بورڈ کے چیئر مین احسان مانی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ہمیشہ آئین و قانون کی حکمرانی کی بات کی ہے اور پاکستان میں پار لیمنٹ سمیت تمام اداروں کی مضبوطی کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ پاکستان میں جمہوریت اور ادارے بھی مضبوط ہو رہے ہیں۔گورنر نے کہا کہ بھارت کے جنگی جنون کے باوجود وزیر اعظم عمران خان اور قومی سلامتی کمیٹی نے سب سے پہلے مذاکرات کی بات کی ہے لیکن بھارت بضد ہے۔ ہم واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ بھارت کوئی بھی ایسی حرکت کر یگا تو وہ اِس کی سب سے بڑی غلطی ثابت ہوگی کیونکہ پاکستان بھارت کو اسکی سوچ سے بھی سخت جواب دینے کی صلاحیت اور جذبہ رکھتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملکی مفادات کے تحفظ اور دفاع کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان دُنیا کا واحد ملک ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور ہم نہ صرف اس خطے میں بلکہ پوری دنیا میں اَمن کے حامی ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ اب دُنیا کے تمام اَمن پسند ممالک کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کر یں اور سفارتی سطح پر بھارت کو مجبورکیا جائے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کر ے کیونکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں اَمن کا قیام ممکن نہیں ہوسکتا۔گورنر نے کہا کہ آج صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ تمام امن اور آزادی پسند قوتیں بھی کشمیریوں کی پر امن تحر یک آزاد ی کیساتھ کھڑی ہیں۔ چیئر مین پی سی بی احسان مانی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پی ایس ایل کی مسلسل کامیابی سے پاکستان میں انٹرنیشنل کر کٹ کی بحالی بھی قر یب ہے اور یہ بات بھی خوش آئند ہے کہ پی ایس ایل کے ذریعے پاکستان میں کر کٹ کے میدان میں بھی نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے جسکی وجہ سے پاکستان کی کر کٹ نہ صرف مزید مضبوط ہوگی بلکہ کر کٹ کی دنیا میں پاکستان سب کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان میں کھیلوں کے میدان آباد کر نے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم صرف کرکٹ ہی نہیں دیگر کھیلوں کو بھی فروغ دیں گے اور ہر شعبے میں کھلاڑیوں کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائیگی۔گورنر نے کہا کہ لاہور میں ہونیوالے پی ایس ایل کے تمام میچز اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائیگی۔