اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):ملک سے گوشت اورگوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر17.42 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔پاکستان بیوروبرائے شماریات اورسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں گوشت اورگوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو270.75ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 17.42 فیصدزیادہ ہے،
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں گوشت اورگوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات کاحجم 230.56 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔ مارچ میں گوشت اورگوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو42.24 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوفروری میں 29.65 ملین ڈالر اورگزشتہ سال مارچ میں 29.01 ملین ڈالرتھا،مالی سال 2022 میں گوشت اورگوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو326.63 ملین ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔