گوگل نیوز انیشیٹو ، نیشنل پریس کلب اور آر آئی یو جے کے اشتراک سے صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے غلط معلومات اور ڈیجیٹل رپورٹنگ کے موضوع پر ورکشاپ کا اہتمام

167

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):گوگل نیوز انیشیٹو ، نیشنل پریس کلب (این پی سی) اسلام آباد اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے)کے اشتراک سے صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کیلئےاین پی سی میں غلط معلومات اور ڈیجیٹل رپورٹنگ کے موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ ورکشاپ میں ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے مختلف ٹولز کے استعمال کے بارے آگاہی فراہم کی گئی۔ ہیڈ آف سیلز اینڈ کمیونٹی آئوٹ ریچ مدیحہ منگول اور گوگل کی ماسٹر ٹرینر ثمین عزیز نے ورکشاپ کے شرکاء کو بتایا گیا کہ فیک اور ڈس انفارمشن دو الگ چیزیں ہیں، ایک وہ خبر ہےجو فیک تو ہوتی ہیں مگر اسکا کسی کو کوئی نقصان نہیں ہوتا جبکہ دوسری خبر وہ جس سے دوسرے کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

پاکستان میں تصاویر یا ویڈیوز کے ذریعے چیزیں پھیلتی ہیں۔ہمیں انٹرنیٹ ٹولز کو استعمال کرنے کی صلاحیت حاصل کرنی چاہیئے ۔اس کی مدد سےڈیجیٹل صحافت کرنے والے بڑی آسانی سے اپنی مطلوبہ معلومات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں،گوگل کے ذریعے آپ کوئی بھی چیز سرچ کر سکتے ہیں،فیس بک،ایکس،ٹک ٹاک کی سرچنگ کے حوالے سے اہم معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں مثلا”مختلف ٹولزکے ذریعے یہ پتہ چلایا جا سکتا ہےکہ کونسی ویڈیوز کہاں سے کس نے وائرل کی، اس پر کتنے ویوز آ چکے ہیں، ان سب کا پتہ چلایا جا سکتا ہے تاہم ہمیں صرف ایک سرچ انجن پر اکتفا نہیں کرنا چاہیئے بلکہ گوگل کے علاوہ دیگر سرچ انجن سے بھی استفادہ حاصل کرنا چاہیئے۔

جیسے بنگ یانڈیکس اور ٹن آئی وغیرہ شامل ہیں،گوگل الرٹ کے ذریعے ہم اپنا مطلوبہ ڈیٹا آسانی سے حاصل کرکے اپنی سٹوری کو مکمل کر سکتے ہیں۔ان ٹولز کو استعمال کرکے ہم اپنی سٹوریز کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔این پی سی کی سیکرٹری نیئر علی نے ورکشاپ کے انعقاد میں تعاون فراہم کرنے پرگوگل نیوز انیشیٹو کا شکریہ ادا کیا اور اس سلسلے کو مستقبل میں بھی جای رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ این پی سی کے سینئر نائب صدر احتشام الحق نےورکشاپ میں صحافیوں کی بڑی تعداد میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ورکشاپ میں دی جانے والی معلومات کو استعمال کرکے اپنے کام کو زیادہ اچھے انداز میں کر سکتے ہیں۔

جوائنٹ سیکرٹری اور ڈیجیٹلائزیشن کمیٹی کی چیئرپرسن سحرش قریشی نےامید ظاہر کی کہ ان ٹولز کو استعمال کرکے کام میں بہت زیادہ بہتری لائی جاسکتی ہے۔صحافیوں کی سہولت کیلئے پریس کلب میں آئندہ بھی اس طرح کی ورکشاپ کرواتے رہیں گے۔