اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):گوگل کی ایک اعلیٰ سطح کی ٹیم تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ جمعہ کو وزارت تعلیم کے حکام نے بتایا کہ گوگل کی ٹیم عید کے فوراً بعد پاکستان کے اپنے دورہ میں تعلیم و ٹیکنالوجی کے شعبوں خاص طور پر آئوٹ آف سکول چلڈرن کی تعداد کو کم کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال پر بات چیت کرے گی۔
حکام نے بتایا کہ یہ دورہ وزارت تعلیم کی جانب سے گوگل کو ڈیجیٹل طور پر فعا ل تعلیمی نظام بنانے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرنے کی درخواست کے بعد شیڈول ہوا ہے۔ گوگل کی ابتدائی ٹیمیں پہلے ہی پاکستان کے دورے کر چکی ہیں جس کی وجہ سے گوگل تعاون کے امکانات بارے پرجو ش ہے۔
وزارت تعلیم کے حکام نے کہا کہ وہ گوگل ٹیم کا پاکستان میں خیرمقدم کرنے اور تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے کیلئے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں، یہ تعاون پاکستان میں تعلیمی منظرنامہ کو تبدیل کرنے اور معیاری تعلیم تک سب کی رسائی کو بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔