اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):گوگل ڈوڈل نے یکم نومبر کو لیجنڈری پاکستانی پپٹیئر ، فنکار، اور مصنف فاروق قیصر کو ان کی 78 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا جس میں انکل سرگم کی تصویر کو نمایاں کیا گیا ہے ۔
فاروق قیصر، جو مشہور کٹھ پتلی کردار "انکل سرگم” کے خالق کے طور پر مشہور ہیں، نے پاکستان بھر میں بچوں اور بڑوں دونوں کے دلوں پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔31 اکتوبر 1945 میں پنجاب کے علاقے سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے فاروق قیصر کا کٹھ پتلیوں کی دنیا میں سفر کا آغاز لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس میں فائن آرٹ کی تعلیم کے دوران ہوا۔شو کے مصنف اور کٹھ پتلی بنانے والے کے طور پر ان کی صلاحیتوں نے جلد ہی انہیں 1971 میں بچوں کی ٹیلی ویژن سیریز "اکا بکڑ ” کی طرف لےگیا ، جس سے ان کے شاندار کیریئر کا آغاز ہوا۔1976
میں، قیصر نے بچوں کا شو، "کلیاں” کا آغاز کیا۔ "کلیاں” ایک شاہکار ثابت ہوا جس نے اپنے نوجوان سامعین کو زندگی کے قیمتی اسباق دینے کے لیے فنی طور پر مزاح اور طنز کا ملاپ بھی پیش کیا ۔انکل سرگم اور ماسی مصیبتے کے کردار اس شو سے امر ہو گئے جن میں زندگی فاروق قیصر کی عطا کی ہوئی تھی ۔
فاروق قیصر کو ٹیلی ویژن کے ذریعے پاکستان میں تعلیم اور تفریح دونوں میں ان کے تعاون کے لیے بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی۔انہیں متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا، جن میں 1993 میں صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس، 1997 میں یونیسیف کی جانب سے "ماسٹر پپیٹیئر” کا خطاب اور 2010 میں پی ٹی وی لائف ٹائم ایچیومنٹ ایوارڈ شامل ہیں۔