گوگل کا اپنے یورپی ڈیٹا سنٹرز کی توسیع کے لیے دوسال کے دوران 3 ارب یورو سرمایہ کاری کا منصوبہ

78

واشنگٹن ۔ 22 ستمبر (اے پی پی)امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے کہا ہے کہ وہ یورپ میں اپنے ڈیٹا سنٹرز کی توسیع کے لیے آئندہ دوسال کے دوران 3 ارب یورو ( 3.3 ارب ڈالر) سرمایہ کاری کرے گی۔ یہ بات گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سندر پچائی نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہی۔انھوں نے کہا کہ فن لینڈ کے قصبے ہامینہ میں واقع گوگل کے ڈیٹا سنٹر میں آئندہ سال 600 ملین یورو کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے جس سے اس مرکز میں سرمایہ کاری کا کل حجم بڑھ کر 2 ارب یورو تک پہنچ جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ہامینہ سنٹر اقتصادی ترقی اور مواقع کے حوالے سے نمایاں مرکز ہے، یہ ہمارے تمام ڈیٹا مراکز کے لیے استحکام اور توانائی کے حوالے سے کارکردگی کے لیے ماڈل ہے۔سندر پچائی نے کہا کہ یورپ کے ساتھ قابل تجدید توانائی کے 1600 میگاواٹس کے حالیہ معاہدوں میں سے 800 میگاواٹس پر 1 ارب یورو سرمایہ کاری کی جائے گی، اس کے لیے قابل تجدید توانائی کے 10 منصوبے قائم کیے جائیں گے۔