کراچی۔21فروری (اے پی پی):گو رنرسندھ عمران اسماعیل سے وفاقی وزراء عبدالحفیظ شیخ، اسد عمر ، میاں محمد سومرو اور فوزیہ ارشد نے گورنرہائوس میں ملاقات کی ۔
اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں وفاقی فنڈنگ سے جاری ترقیاتی منصوبے ، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں عزم ظاہر کیا گیا کہ معاشی شہ رگ کراچی کی ترقی کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائیں جائیں گے اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ مشترکہ اقدامات اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہی ترقی کے مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ صوبہ میں بلا تفریق وفاقی ترقیاتی پروگرامز شروع کئے جائیں گے جبکہ اقتصادی حب کی ترقی کے لئے وزیراعظم بھرپور اقدامات یقینی بنارہے ہیں،شہر کی بنیادی ضرورت پینے کے صاف پانی کا عظیم منصوبہ KـIV بہت جلد مکمل ہو جائیگا ۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ وفاق اپنی ذمہ داری سے بڑھ کر شہر کی ترقی پر خرچ کررہا ہے،شہر کے لئے متعدد میگا پروجیکٹس تشکیل دیئے جارہے ہیں۔
وفاقی مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لئے وزیراعظم کی خصوصی ہدایات ہیں جس پر وزارت خزانہ عملدرآمد کرتی ہے کیونکہ بروقت ترقیاتی فنڈز جاری ہونے سے ہی ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کئے جا سکتے ہیں۔وفاقی وزیر میاں محمد سومرو نے کہا کہ صوبہ کی ترقی کے لئے وزیراعظم عمران خان کا وژن خوش آئند ہے۔ فوزیہ ارشد نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔