اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) گھروں کے نزدیک سے گزرنے والی بجلی کی تاروں کو منتقل کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔آئیسکوچیف ایگزیکٹو محمد نعیم جان نے کہا کہ جنوری2019 سے جاری کمپین کے دوران آئیسکو فیلڈ فارمیشنز اور صارفین کی جانب سے 10ہزار948 ایسے پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی جو انسانی جان کیلئے خطرے کا باعث بن سکتے تھے۔
بروقت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے آئیسکو آپریشنز سرکل اور کنسٹرکشن سرکل نے 9ہزار640 پوائنٹس کو محفوظ بنایا گیا ہے اور ان سیفٹی ورکرز پر ایک ارب 83کروڑ19لاکھ سے زائد کے اخرجات آئے جو کہ آئیسکو نے خود برداشت کرتے ہوئے خود کو صیح معنوں میں صارف دوست پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی ثابت کیا ہے۔
آئیسکو چیف محمد نعیم جان نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ بجلی کی تنصیبات کے قریب یا نیچے تعمیرات سے گریز کریں کیوں کہ اس عمل سے آپ اپنے اور اپنے پیاروں کی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں اوراگر آپ کے گردونواح میں گھروں کے قریب سے بجلی کی تاریں گزر رہی ہیں تو اس کی فوری اطلاع متعلقہ ایس ڈی او آفس یا ہیلپ لائن نمبر118 پر کار کریں تاکہ بروقت کاروائی عمل میں لائی جائے۔