گھوٹکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سر سید ایکسپریس میں تصادم ، کم از کم 30 مسافر جاں بحق، تقریباً 50 زخمی

151
گھوٹکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سر سید ایکسپریس میں تصادم ، کم از کم 30 مسافر جاں بحق، تقریباً 50 زخمی

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):سندھ کے ضلع گھوٹکی کے علاقہ ڈہرکی کے قریب ملت ایکسپریس اور سر سید ایکسپریس کے مابین تصادم کے نتیجے میں سے کم از کم 30 مسافر جاں بحق اور50کے قریب زخمی ہو گئے ہیں ۔حادثے کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جارہی تھی اور سرسید ایکسپریس پنجاب سے کراچی جارہی تھی کہ اس دوران ملت ایکسپریس کی بوگیاں ڈہرکی کے قریب پٹری سے اتر گئیں سرسید ایکسپریس ملت ایکسپریس کی پٹری سے اتری ہوئی بوگیوں سے ٹکراگئی ۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ حادثہ ڈہرکی ، ریتی لین اور اوباڑو سٹیشن کے قریب پیش آیا ۔ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملنے پر علاقے میں امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا، پاک فوج کے انجینئرز کی خصوصی ٹیم جائے حادثہ کے لیے روانہ ہوگئی ہے ۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو صادق آباد، ڈہرکی اور میرپور ماتھیلو کےہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے ۔

ذرائع نے تصدیق کی ہےکہ ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ریلوے کے4 ملازمین بھی شامل ہیں۔مسافروں کے ٹرین میں پھنسے ہونے کا خدشہ ہے جس کے لیے ہیوی مشینری منگوائی گئی ہے جبکہ اس میں مقامی افراد بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔