کوئٹہ۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):گہوارہ فن کے زیر اہتمام آل کوئٹہ انٹر گرلز اسکول منی ڈرامہ فیسٹول 2024ء جو گزشتہ تین ماہ شہر و مضافات کے 12اسکولوں میں کامیابی سے پیش کیا گیا تھا، اسٹیج ڈرامے کے اس مقابلے میں طالبات نے بطورفنکار اسٹیج پر پرفارم کیاجبکہ اساتذہ نے بحیثیت مصنف،ہدایت کاری، پس پردہ موسیقی، سیٹ ڈیزائنر اور میک اپ وومن کے طور پر کام کیا،اس طرح20شعبوں میں مقابلہ ہوا، اس ڈرامہ فیسٹول کی گرینڈ ایوارڈ تقریب نوری نصیر خان کلچرل کمپلیکس کے ہال میں محکمہ ثقافت کے تعاون سے منعقد ہوئی۔
تقریب کی مہمان خصوصی صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ حمید خان درانی تھیں جبکہ تقریب میں حاجی محمد اظہر، افضل مراد، حمیرا شاہد،ڈائریکٹر محکمہ ثقافت روحانہ مراد کھوسہ، ڈائریکٹر سیاحت ہاشم کھیتران، ڈپٹی ڈائریکٹر داو¿د ترین، خدائے رحیم، اے ڈی بلوچ، عمر فاروق، محترمہ رخسانہ ہاشمی، سمیت 12گرلز ہائی اسکولوں کی ہیڈ مسٹریس،اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کمپیئرنگ کے فرائض عظمی سدوزئی نے انجام دیئے۔ گہوارہ فن کے چیئر مین حبیب الرحمن سردار نے سپاسنامہ پیش کیا۔
صوبائی وزیرتعلیم محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے اس موقع پر کہا کہ اسکولوں کی سطح پر ایسی تقریبات کا ہونا معاشرے کے زندہ ہونے کی دلیل ہے، زندہ اور توانا معاشروں میں ایسی تقریباب ہوتی ہیں، طالبات کے لئے کامیابی کا زینہ صرف تعلیم ہے، تعلیم ہی کے ذریعے سے اقوام ترقی کی بلندیوں پر پہنچتے ہیں جبکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبائ کے ہم نصابی سرگرمیوں کا ہونا ان میں اعتماد بڑھاتا ہے،
اسٹیج ڈرامہ ایک مشکل شعبہ ہے جسے اسکولوں کی طالبات نے بڑی خوبی سے ادا کیا بلوچستان کی طالبات میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں آج کی نوجوان نسل کو مسائل کا ادراک ہے اور وہ ان مسائل کو حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں ڈرامہ کا موضوع کم عمری کی شادی اور ان کے اثرات تھا،
ڈرامہ فیسٹول کی تقریب بلوچستان کی سب سے بڑی ایوارڈز تقریب کہی جا سکتی ہے اس تقریب میں 274ایوارڈز اور تحائف کے علاوہ نیو کالج پبلیکشنز، بلوچی اکیڈمی، براہوئی اکیڈمی اوربارانزئی بک کی طرف سے فراہم کردہ کتب بھی اساتذہ اور طالبات میں تقسیم کی گئیں۔تقریب کے آخر میں کامیاب طالبات اور اساتذہ میں صوبائی وزیر تعلیم نے انعامات تقسیم کئے۔