اٹک۔ 03 جنوری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر علی حسین نے عوام الناس کے لئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے لئے اپنے پیغام میں کہا کہ سردیوں میں گیس کے متعلقہ آلات کا استعمال زیادہ ہونے کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات بڑھ جاتے ہیں، زیادہ تر حادثات گیس لوڈشیڈنگ اورگیس لیکج کے باعث پیش آتے ہیں۔انہوں نے کہاہے کہ اس طرح کے حادثات سے بچنے کے لیے گیس سے متعلقہ آلات کے استعمال میں احتیاط برتیں، رات کو سونے سے پہلے گیس سے متعلقہ آلات( ہیٹر، چولہے وغیرہ) لازمی بند کریں۔
انہوں نے کہا کہ گھر میں گیس لیکج محسوس ہونے پر بجلی کا سوئچ اور آگ ہرگز نہ جلائیں، تمام دروازے اور کھڑکیاں کھول دیں اور تمام افراد گھر سے باہر چلے جائیں۔انہوں نے کہا کہ خدانخواستہ، اگر ایسا کوئی حادثہ پیش آئے تو فوری طور پر 1122 کو اطلاع دیں،انہوں نے مزید کہا کہ موٹروے اور جی ٹی روڈ پر دھند میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، گاڑی کی لائٹس،وائپرز اور ریفلیکٹرز ٹھیک رکھیں، گاڑی دھیمی رفتار میں چلائیں ،لائٹس پر پیلے رنگ کی شیٹس چڑھائیں اور رات میں سفر کرنے سے اجتناب کریں۔