اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):گیس چوروں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علا قہ ونی گجراں میں گیس کا ڈیڑھ کلو میٹر طویل غیر قانونی نیٹ ورک پکڑا گیا ،محکمہ کی ٹاسک فورس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی پائپ قبضہ میں لے کر انضباطی کارروائی شروع کردی ۔
ترجمان ایس این جی پی ایل کے بیان کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایف-8، جی-15،جی-16،رائل ایونیو ، چٹھہ بختاور اور بگا شیخاں میں بھی ٹا سک فورس کا ایکشن ،گھریلو کنکشن کے کمرشل استعمال میں ملوث 8 صارفین کے کنکشن منقطع کر کے میٹر اتار لئے گئے۔
ادھر غیر قانونی گیس میٹروں اور براہ راست کنکشنوں کے ذریعے گیس چوری کرنے کے جرم میں ملوث 5 مزید شہریوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرا کے محکمانہ انضباطی کارروائی شروع کردی گئی۔ حالیہ آپریشن کے دوران گیس چوری میں ملوث افراد پر 25 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔تر جمان کا کہنا تھا کہ گیس چوروں کے خلاف جاری آپریشن آخری غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے تک جاری رہے گا ۔