اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وزارت خزانہ کے ترجمان نے گیس کی بروقت عدم خریداری سے متعلق مشیرخزانہ سے منسوب بیان کو گمراہ کن اورسیاق وسباق سے ہٹ کرقراردیتے ہوئے کہاہے کہ مشیرخزانہ نے ٹی وی پروگرام میں کسی بھی مرحلہ میں یہ نہیں کہاہے کہ ایل این جی کی بروقت خریداری نہ ہونے کی وجہ سے گیس کی کمی پیش آرہی ہے۔
بدھ کویہاں جاری بیان میں وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہاہے کہ مقامی انگریزی روزنامہ میں گیس کی بروقت عدم خریداری سے متعلق خبرگمراہ کن اورسیاق وسباق سے ہٹ کرہے۔
ترجمان نے بتایا کہ جب اینکر ندیم ملک نے مشیرخزانہ سے ملک میں گیس کی کمی کی صورتحال بارے سوال کیا تو مشیرخزانہ نے بتایا کہ گیس کی کمی کی وجوہات میں عالمی سطح پر ایل این جی کی قلت بھی شامل ہیں جس نے صورتحال کوگھمبیربنادیا ہے اوریہ کسی کے قابومیں نہیں ہے۔
مشیرخزانہ نے بتایا کہ بلندترین بین الاقوامی قیمت کے باوجود حکومت ضرورت کے مطابق گیس خریدرہی ہے تاہم انہوں نے نشاندہی کی کہ جولائی میں ایک ٹینڈر کو منسوخ کردیا گیا تھا تاہم ا س کا تعلق موسم سرما کی گیس سے نہیں تھا۔
ترجمان نے واضح کیاکہ مشیرخزانہ نے کسی بھی مرحلہ میں یہ نہیں کہاہے کہ ایل این جی کی بروقت خریداری نہ ہونے کی وجہ سے گیس کی کمی پیش آرہی ہے۔ترجمان نے وضاحت کی کہ قیمت میں زیادہ فرق کی وجہ سے ایل این جی کی کم مقدارگھریلو صارفین کو فراہم کی جاتی ہے،مقامی گیس فیلڈز کی پیداوارمیں کمی کی وجہ سے ہرسال موسم سرما میں گیس کی قلت کامسئلہ سامنے آتاہے۔