گوجرانوالہ۔ 17 ستمبر (اے پی پی):حکومت پاکستان اوروزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایت پرگیپکو ریجن بھر میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف چھٹی کے باوجود گیارہویں روز بھی بھرپورکریک ڈاؤن جاری رہا۔ اب تک کل 611بجلی چور پکڑے گئے، 4کروڑ70لاکھ روپے سے زائدکے جرمانے بھی کئے گئے،تمام کے خلاف ایف آئی آرز کے اندراج کیلئے درخواستیں دے دی گئیں، 503 مقدمات درج کرلئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ گیارہ دنوں میں 611بجلی چور مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے ہیں۔
بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والوں کوگیپکو کی جانب سے13لاکھ 56ہزار سے زائدیونٹس کی مد میں 4کروڑ70لاکھ روپے سے زائد کے ڈیٹیکشن بِل جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کروانے کیلئے متعلقہ تھانوں میں درخواستیں بھی دے دی گئی ہیں جن میں سے اب تک 503بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔
اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے کہا ہے کہ بجلی چوراور نادہندگان ہی وہ ناسور ہیں جن کی وجہ سے بر وقت بل ادا کرنے والے صارفین پر بوجھ پڑتا ہے لہذا ہمارا صرف ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کہ بجلی چوروں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا چاہے اس میں کو ئی کتنا ہی با اثر یا طاقتور کیوں نہ شامل ہو، بجلی چوری میں اور سہولت کاری میں ملوث ملازمین کے خلاف بھی مقدمات درج کروائے جائیں گے اور نوکری سے برخاست کیا جائے گا۔
چیف ایگزیکٹو نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ گیپکو میں بجلی چوروں کے خلاف جاری جہاد میں گیپکو کا ساتھ دیں ، اپنے ارد گرد بجلی چوروں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر کی اطلاع فوری گیپکو کی ہیلپ لائن 118 پر دیں ۔