گیپکو آپریشن جاری،بجلی چوروں کی تعداد 1251 ہوگئی، 11کروڑ31لاکھ روپے کے جرمانے عائد

140

گوجرانوالہ۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):گیپکو کا بجلی چوروں کیخلاف آپریشن 25ویں روز میں داخل، مزید 34 بجلی چور پکڑے گئے، اب تک پکڑے جانے والوں کی تعداد 1251 ہوگئی۔ تمام بجلی چوروں کو11کروڑ31لاکھ روپے کے جرمانے بھی کئے گئے۔ گیپکو چیف کے مطابق بجلی چوری کی روک تھام یقینی بنانے کیلیے ٹیمیں چھٹی کے روز بھی متحرک ر ہیں۔ آپریشن کے دوران 50 زرعی ،8 صنعتی، 38کمرشل اور1150 گھریلو صارفین ڈائریکٹ بجلی چوری کرتے پکڑے گئے۔

چیف ایگزیکٹو گیپکو نے کہا کہ بجلی چوری میں ملوث تمام کنکشنز منقطع کر کے ایف آئی آرز درج کروا دی گئی ہیں، بجلی چوروں اور نادہندگان سے قومی خزانے کی ایک ایک پائی وصول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، صارفین اپنے واجبات بروقت ادا کریں اور بجلی چوروں کے خلاف جہاد میں گیپکو کا ساتھ دیں، شہری ارد گرد بجلی چوروں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر کی اطلاع فوری گیپکو کی ہیلپ لائن 118 پر دیں۔