اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے زیراہتمام پاکستانی نوجوانوں کے غیر معمولی کارناموں کو اجاگر کرنے اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے دو روزہ قومی یوتھ کنونشن بعنوان "پاکستان کی کہانی اور نوجوانوں کا کردار” منگل کو اسلام آباد میں شروع ہوا۔ نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار اس عظیم الشان اسمبلی کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جس میں چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت برائے آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ اور وزیر پٹرولیم مصدق مسعود ملک نے طلبہ کو ملک کو آگے لے جانے کے لیے کیے جانے والے مختلف امید افزاء اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
دو روزہ کنونشن میں ملک بھر سے وائس چانسلرز، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بدھ کو یوتھ کنونشن سے خطاب کریں گے۔نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے اور اس کے نوجوان ملک کا اہم اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان متنوع ثقافتوں، زبانوں اور روایات کی سرزمین ہے اور یہی تنوع اس ملک کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم سب سے طاقتور ذریعہ ہے جسے دنیا کو بدلنے کے لیے بروئے کار لایا جا سکتا ہے کیونکہ یہ اپنے متلاشیوں میں تخلیقی سوچ اور جدت طرازی کی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتی ہے۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے اس بات کی تصدیق کی کہ حکومت ملک میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور سٹارٹ اپ کلچر کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کر سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی طاقت قومی یکجہتی میں مضمر ہے جو ملک کے مستقبل کی تشکیل کرے گی، ہمیں ایک مقصد کے لیے کام کرنا چاہیے جو کہ پاکستان کی خوشحالی ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی شکل میں نوجوانوں کے لیے دستیاب اہم پلیٹ فارم پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں ہر میدان میں آگے نکلنے کی بھرپور صلاحیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ارشد ندیم جنہوں نے اپنی کارکردگی سے قومی یکجہتی کے جذبے کو جلا بخشی، وہ قابلیت اور صلاحیت کی روشن مثال ہے۔سردار اویس احمد خان لغاری نے ملک کو درپیش توانائی کے بحران پر ایک پریزنٹیشن شیئر کی جس میں بجلی کی پیداواری صلاحیت، ترسیل، طلب اور تقسیم کی پیچیدگیوں کا احاطہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بڑی ’’فالٹ لائن‘‘ کی نشاندہی کرنے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ نے کہا کہ آئی ٹی ایک کراس کٹنگ سبجیکٹ ہے جواب روزمرہ زندگی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی ڈیجیٹل شعبہ جات میں مہارت پیدا کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے، کیونکہ نوجوان پاکستان کا بڑا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ وزارت آئی ٹی سکل ڈویلپمنٹ پر چار ارب روپے کی سرمایہ کاری کرنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں کا ہدف آئی ٹی کمپنیوں کے لیے ایک صحت مند ماحول پیدا کرنا ہے۔وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر معروضیت، گہری نظر رکھنے اور وسعت نظری کو ابھاریں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں۔ انہوں نے مایوسی کو دور کرنے اور پاکستان کے بارے میں امید بھری سوچ رکھنے پر زور دیا کیونکہ یہ ملک قائم رہنے کے لیے ہے۔
مصدق ملک نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے بارے میں سوچیں اور اجتماعی قومی منزل کی ذمہ داری سنبھالیں کیونکہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔قبل ازیں اپنے خیرمقدمی کلمات میں چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ یوتھ کنونشن کا مقصد مایوسی اور ویرانی کو فروغ دینے کے لیے پھیلائی جانے والی مایوس کن خبروں کے تناظر میں ہمارے نوجوانوں کی خوشگوار کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے قومی اتحاد، امید اور ملک کو آگے لے جانے کے عزم کی ضرورت پر زور دیا۔
چیئرمین نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کو ایک بھرپور تنوع سے نوازا گیا ہے جس سے قوم کو فائدہ اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ملک کے دشمن اپنے مفادات کے لیے اختلافات کو ہوا دے کر اس تنوع کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ہمیں اپنے دشمنوں کے مذموم عزائم اور سازشوں کو ناکام بنانے اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے مل کر کام کرنا ہے۔