ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں اکتوبرکے دوران 19فیصد اضافہ

70
پیٹرول پمپوں کے تیل کی کوالٹی کی چیکنگ جاری، پٹرول سیمپل کی منفی رپورٹ والوں کو سیل کیا جائے گا، ڈسٹرکٹ آفیسرانڈسٹریزبہاولنگر

اسلام آباد ۔ 5 نومبر (اے پی پی) ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں اکتوبر کے دوران 19فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں کے دوران ڈیزل کی فروخت میں 14 فیصد کمی ہوئی ہے۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سی) کے اعدادو شمار کے مطابق ستمبر 2019ءکے مقابلہ میں اکتوبر 2019ءمیں ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 19 فیصد اضافہ ہوا ہے تاہم اکتوبر 2018ءکے مقابلہ میں اکتوبر 2019ءکے دوران فروخت 10 فیصد کم رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ مالی سالوں کے ابتدائی چار مہینوں میں ڈیزل کی سب سے زیادہ فروخت مالی سال 2018ءمیں ریکارڈ کی گئی جبکہ جولائی تا اکتوبر 2017ءکے دوران ہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت 31 لاکھ 42 ہزار ٹن تک پہنچ گئی تھی۔ اس طرح مالی سال 2018ءکے مقابلہ میں جاری مالی سال 2020ءکے پہلے چار ماہ کے دوران ڈیزل کی فروخت میں 30 فیصد کمی ہوئی ہے اور جاری مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2019ءکے لئے فروخت کا حجم 21لاکھ 88 ہزار ٹن تک کم ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 2016ءکے پہلے چار ماہ کے دوران ڈیزل کی فروخت 23لاکھ 74 ہزار ٹن رہی تھی جبکہ مالی سال 2017ءکے اسی عرصہ کے دوران 26لاکھ 56ہزار ٹن ڈیزل فروخت کیا گیا تھا۔ او ایم سی کے مطابق مالی سال 2018ءکے پہلے چار ماہ میں ڈیزل کی فروخت 31لاکھ 42 ہزار ٹن کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی۔ جبکہ گزشتہ مالی سال 2019ءمیں جولائی تا اکتوبر کے لئے فروخت کا حجم 25 لاکھ 50ہزار ٹن رہا ہے اور جاری مالی سال 2020ءکے اسی عرصہ کے دوران فروخت 21لاکھ 88 ہزار ٹن تک کم ہوگئی۔ اس طرح گزشتہ پانچ مالی سالوں کے ابتدائی چار مہینوں کے اعدادو شمار کے مطابق مالی سال 2018ءمیں ڈیزل کی ریکارڈ 31 لاکھ 42 ہزار ٹن فروخت ہوئی جبکہ رواں مالی سال میں فروخت کا حجم سب سے کم 21 لاکھ 88 ہزار ٹن رہا ہے۔