ہائی وے پٹرولنگ پولیس نے طلباو شہریوں کوموسم سرما کے دوران سموگ و فوگ سے بچاؤ اور روڈ سیفٹی بارے لیکچرز کی فراہمی کا آغاز کر دیا

92
سموگ

فیصل آباد ۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):ایس ایس پی پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس فیصل آبادریجن مرزا انجم کمال کی ہدایت پر ایس آئی شاہد ندیم کی زیر نگرانی پی ایچ پی موبائل ایجوکیشن یونٹ نے طلباو شہریوں کوموسم سرماکے دوران سموگ و فوگ سے بچاؤ اور روڈ سیفٹی بارے لیکچرز کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے

جس میں مختلف کالجز و یونیورسٹیز میں جا کر طلبااور پبلک مقامات پر شہریوں کو آگاہی فراہم کی جا رہی ہے کہ بغیر ہیلمٹ اور تیز رفتار ڈرائیونگ سمیت ون ویلنگ کےساتھ ساتھ ٹریفک رولز کی خلاف ورزی اور اوور سپیڈنگ کس طرح ان کی جان کیلئے خطرہ ثابت ہو سکتی ہے۔

پی ایچ پی کے ترجمان ایس آئی شاہد ندیم نے اے پی پی کو بتایا کہ مذکورہ فورس کے موبائل ایجوکیشن یونٹ طلباوشہریوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر فوگ اور سموگ کے نقصانات بارے آگاہ کر رہے ہیں تاکہ انہیں موسم سرماکے دوران حفاظتی، تدارکی اقدامات میں کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے بتا یاکہ فصلوں کی باقیات کو جلانے، فیکٹریوں، گاڑیوں،کارخانوں اور بھٹوں کے دھوئیں، گردو غبار اور دھند سے جو مرکب بنتا ہے اس سے ماحول میں آلودگی پیدا ہوتی ہے

جس سے آنکھوں،گلے، پھیپھڑوں اور جلد کی بہت سی بیماریاں پیدا ہوتی ہیں اس کے علاوہ شاہرات پر سموگ اور فوگ کی وجہ سے ٹریفک حا دثات میں اضافہ ہو جاتا ہے لہٰذا طلبا و اساتذہ عوامی شعور و آگاہی پید اکرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ قیمتی جانوں کو ہر قسم کے جانی و مالی نقصان سے بچایا جا سکے۔