لاہور۔17نومبر (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ ہاتھ سے بنا چترال کا فرنیچر اپنے تاریخی اور روایتی ڈیزائنوں کے لیے معروف ہے اور اپنے منفرد انداز اور پائیداری کی وجہ سے دنیا بھر میں بے حد مقبول ہو چکا ہے۔
اتوار کو یہاں گل رحمت قلاشی کی قیادت میں وادی چترال سے تعلق رکھنے والے فرنیچر مینوفیکچررز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ فرنیچر علاقے کے شاندار ثقافتی ورثے کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزائنوں میں اکثر پیچیدہ نقش و نگار ہوتے ہیں جن کے نمونے خطے کی قدرتی خوبصورتی سے متاثر ہیں اور ان میں پھول، جیومیٹریکل شکلیں اور علامتی تصاویر نمایاں ہیں اس طرح کے ڈیزائن نہایت احتیاط سے اخروٹ اور دیودار کی اعلی قسم کی لکڑی میں ہاتھ سے تراشے جاتے ہیں اور ان کی عمر و مضبوطی بہت زیادہ ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی جمالیاتی کشش کے علاوہ چترال کا فرنیچر پائیداری کیلئے بھی مشہور ہے، فن و روایت اور پائیداری کے اس امتزاج نے چترال کے فرنیچر کو عالمی سطح پر منفرد پہچان دی ہے اور یہ بین الاقوامی خریداروں اور مداحوں کو مسحور کر دیتا ہے