ہارون اختر خان کی آل پاکستان سیرامک ٹائلز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن سے ملاقات ، کمیٹی تشکیل

95

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے منگل کو آل پاکستان سیرامک ٹائلز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی ملاقات کی۔ ملاقات میں 10 پاکستانی اور 4 چینی مینوفیکچررز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں ٹیرف پالیسی، کسٹم ڈیوٹی، برآمدات و درآمدات اور مقامی سیرامک ٹائلز انڈسٹری کو ٹیرف تحفظ کی ضرورت شامل تھی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے پاکستان کی صنعتی ترقی میں ٹائلز انڈسٹری کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ میں ٹائل مینوفیکچررز کو درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہوں اور ذاتی طور پر ان کے مفادات کا دفاع کروں گا۔معاون خصوصی نے ٹائل انڈسٹری کو ہدایت کی کہ وہ ایک تفصیلی رپورٹ پیش کریں جس میں زیادہ تحفظ کی ضرورت کی وجوہات واضح کی جائیں۔ مزید برآں انہوں نے ہدایت کی کہ رپورٹ میں پیداواری لاگت میں نقصان کو فیصد کے طور پر بیان کیا جائے۔ایک اہم پیشرفت کے طور پر ہارون اختر خان نے ٹائلز مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے اراکین پر مشتمل مشترکہ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا۔ اس کمیٹی کو جمعرات تک پیشرفت رپورٹ پیش کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

ہارون اختر خان نے زور دیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت صنعتوں کی معاونت اور بحالی کے لئے پرعزم ہے، ہم نیشنل ٹیرف پالیسی بورڈ میں تمام صنعتوں، بشمول ٹائلز کا مضبوط دفاع کر رہے ہیں۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستانی مینوفیکچررز کو خطے میں مقابلے کے قابل دیکھنا چاہتے ہیں اور یقین دہانی کرائی کہ چینی مینوفیکچررز جو ہمارے شراکت دار اور دوست ہیں، کو مکمل تعاون حاصل رہے گا،ہم کسی صنعت کو بند نہیں ہونے دیں گے، صنعتوں کی بحالی ہمارا وژن ہے اور ہم پائیدار ترقی کے لئے طویل المدتی پالیسیاں بنا رہے ہیں۔

ہارون اختر خان نے ٹائلز مینوفیکچرنگ سیکٹر کو حکومت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی اور مقامی صنعتی بنیاد کی وسیع تر ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔