یکاترنبرگ۔8جولائی (اے پی پی):وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے منگل کو یکاترنبرگ میں جاری سالانہ صنعتی فورم ’’انوپروم‘‘کے موقع پر روسی فیڈریشن کے وزیر برائے تجارت و صنعت انتون الیخانوف سے دو طرفہ ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کے تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا تاکہ پاکستان میں ایک جدید اور عالمی معیار کی دھات سازی سہولت قائم کی جا سکے۔
اس موقع پر صنعتی تعاون میں اضافے اور دو طرفہ تجارت کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستانی وفد نے روسی فریق کو حکومتِ پاکستان کی نئی صنعتی پالیسی سمیت مختلف اقدامات سے آگاہ کیا جو کہ سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرتی ہے۔
معاونِ خصوصی ہارون اختر خان نے روسی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لیں، خصوصاً لوکوموٹیوز، الیکٹرک بسوں، کھاد، دواسازی اور زرعی مشینری کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے ۔ملاقات پاکستان اور روس کے درمیان صنعتی و تجارتی تعاون کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔