ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی ڈھوک کالا خان فیملی پارک کی خوبصورتی برقرار رکھنے اور شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی مہم شروع

ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی نے ڈھوک کالا خان فیملی پارک کی خوبصورتی برقرار رکھنے اور شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی مہم شروع کر دی ہے جس کے تحت پارک میں باغبانی، صفائی، شجرکاری اور دیگر ترقیاتی و دیکھ بھال کے اقدامات جاری ہیں

راولپنڈی۔9جولائی (اے پی پی):ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی نے ڈھوک کالا خان فیملی پارک کی خوبصورتی برقرار رکھنے اور شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی مہم شروع کر دی ہے جس کے تحت پارک میں باغبانی، صفائی، شجرکاری اور دیگر ترقیاتی و دیکھ بھال کے اقدامات جاری ہیں۔ ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی ہدایات پر پارک میں گھاس کی تراش خراش، پودوں کی نگہداشت، موسمی پھولوں کی شجرکاری، درختوں کی کانٹ چھانٹ، واکنگ ٹریک کی صفائی، کھیل کے آلات کی دیکھ بھال اور دیگر انتظامی امور باقاعدگی سے انجام دئیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا، محفوظ اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔ اس موقع پر ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی احمد حسن رانجھا نے کہا کہ عوام کو صحت مند، سرسبز اور محفوظ تفریحی ماحول فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھوک کالا خان فیملی پارک علاقے کے اہم عوامی پارکس میں شامل ہے جہاں روزانہ بڑی تعداد میں بزرگ، خواتین، بچے اور دیگر شہری سیر و تفریح، ورزش اور چہل قدمی کے لیے آتے ہیں، اس لیے پارک کی مستقل دیکھ بھال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارک میں موجود سرسبز لان، پھولوں کی کیاریاں، سایہ دار درخت اور کھلے مقامات شہریوں کو قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔ ادارہ جدید باغبانی کے اصولوں کے مطابق پودوں کی آبیاری، کھاد کے بروقت استعمال اور بیماریوں سے تحفظ کے لیے بھی مؤثر اقدامات کر رہا ہے تاکہ پارک ہر موسم میں شاداب اور دلکش رہے۔ احمد حسن رانجھا نے بتایا کہ صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے عملہ روزانہ کی بنیاد پر پارک کی نگرانی کرتا ہے جبکہ جھولوں، بینچز، روشنی کے نظام، واکنگ ٹریک اور دیگر سہولیات کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال بھی جاری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پارک کو قومی امانت سمجھتے ہوئے صفائی کا خاص خیال رکھیں، پودوں اور پھولوں کو نقصان نہ پہنچائیں، کچرا مقررہ ڈسٹ بن میں ڈالیں اور پارک کے قواعد و ضوابط پر عمل کریں۔ ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ راولپنڈی کے تمام پارکس کو مزید خوبصورت، سرسبز اور عوام دوست بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات اور صحت مند ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔