پورٹ قاسم دنیا کی پانچ بہترین بندرگاہوں میں شامل ہو گئی ہے، افتخار احمد راؤ

"پورٹ قاسم دنیا کی پانچ بہترین بندرگاہوں میں شامل ہو چکی ہے، جو پاکستان کے بحری شعبے کی ترقی اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے مقام کی عکاسی کرتی ہے۔” — افتخار احمد راؤ

اسلام آباد۔9جولائی (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم ٹاسک فورس بحری امور افتخار احمد راؤ نے کہا ہے کہ پورٹ قاسم دنیا کی پانچ بہترین پورٹس میں شامل ہو گئی ہے۔

جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے ٹاسک فورس کی کارکردگی کے بارے میں بتایا۔ چیئرمین ٹاسک فورس نے بتایا کہ اگست 2024 میں میری ٹائم ٹاسک فورس تشکیل دی گئی۔ افتخار راؤ نے بتایا کہ پاکستان گلف کے اہم ترین حصےمیں ہے اور وسطی ایشیا تک رسائی کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سال میں وزارت اور ٹاسک فورس کی انتھک محنت کی وجہ سے پاکستان جو کہ پچھلے سال کراچی پورٹ جو انٹرنیشنل لیول پر 99 نمبر پر تھی آج 30 درجے بہتری کے ساتھ 69 نمبر پر آ گئی ہے اور پورٹ قاسم آج دنیا کی پانچ بہترین بندرگاہوں میں شامل ہے۔ افتخار راؤ نے کہا کہ دنیا کی 80 فیصد تجارت سمندر کے راستے سے ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنی بندرگاہوں پر کنٹینرز کپیسٹی میں اضافہ کیا اور اسے ماڈرن دور کے مطابق بنایا۔ افتخار راؤ نے کہا کہ کسٹم حکام نے مزید اہلکار فراہم کر کے ورکنگ کو تیز کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال بجٹ میں شپنگ سیکٹر میں کسٹمزڈیوٹی بھی ختم کر دی گئی ہے اور بلڈنگ میٹریل ٹیکس بھی ختم کر دیا ہے جس کی وجہ سے کمپنیوں کے اعتماد اور ملکی زرمبادلہ میں اضافہ ہوا ہے۔ سیکرٹری بحری امور ندیم محبوب نے بتایا کہ ہماری پورٹ ٹریکنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پورٹ قاسم جو پچھلے سال انٹرنیشنل رینکنگ میں 74 ویں نمبر پر تھی آج 56 ویں نمبر پر ہے اور پورٹ قاسم دنیا میں تیزی سے ترقی کرنے والی پورٹس میں پانچویں نمبرپر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بندرگاہوں پر نمایاں تجارتی تیزی آئی ہے اور بحری تجارت کے فروغ کے لئے پالیسی اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں