"میونسپل کارپوریشن سرگودھا کے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کی منظوری شہری ترقی، بہتر بلدیاتی خدمات اور عوامی سہولیات کی فراہمی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔” — احمد بلال مخدوم
میونسپل کارپوریشن سرگودھا کا 27-2026ء کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ہے،چیف آفیسر

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 09 جولائی (اے پی پی):میونسپل کارپوریشن سرگودھا کا مالی سال 27-2026ء کا 4 ارب 1 کروڑ 35 لاکھ 15 ہزار 988 روپے کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سرگودھا احمد بلال مخدوم نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں 1 ارب 82 کروڑ 57 لاکھ 80 ہزار 341روپےسرکاری گرانٹس جبکہ 1 ارب 30 کروڑ 91 لاکھ 14 ہزار 294 روپے اپنے ذرائع سے آمدن کی مد میں حاصل ہونے کی توقع ہے۔ احمد بلال نے کہا کہ بجٹ کے مطابق غیر ترقیاتی اخراجات کےلیے3 ارب39 کروڑ 93 لاکھ 36 ہزار 262 روپے جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام اور حکومتی گرانٹ اسکیموں کے لیے 4 کروڑ 59 لاکھ 77 ہزار 114 روپے مختص کیے گئے ہیں۔ مالی سال کےاختتام پر15 کروڑ 44 لاکھ 7 ہزار612 روپے کے اختتامی بیلنس کا تخمینہ بھی لگایا گیا ہے۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سرگودھا احمد بلال مخدوم نےکہاکہ بجٹ عوامی مفاد،شفاف مالی نظم وضبط اورشہری سہولیات کی بہتری کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے اپنے ذرائع آمدن میں اضافہ ، وسائل کے موثر استعمال، صفائی، سیوریج، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر بلدیاتی خدمات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے، فنڈز کے شفاف استعمال اور عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ افسران ذُمہ داری اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔ اس موقع پر میونسپل آفیسر (فنانس)، میونسپل آفیسر (پلاننگ) اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔







