دبئی۔3جولائی (اے پی پی):بھارت کے سٹار کرکٹر ہارڈک پانڈیا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شاندار پرفارمنس کے بعد ٹی ٹونٹی آل رائونڈرز رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر آگئے ہیں، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بھارتی کرکٹر ہیں۔
آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹونٹی رینکنگ کے مطابق پانڈیا دو درجہ ترقی کے بعد سری لنکن کپتان ونیندو ہسارنگا کے ساتھ مشترکہ طور پر آل رائونڈرز کیٹگری میں ٹاپ پوزیشن پر آگئے ہیں۔ ہارڈک پانڈیا نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شاندار آل رائونڈ پرفارمنس سے اپنی ٹیم کو ورلڈ چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پانڈیا نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں 48 کی اوسط سے 151 کے سٹرائیک ریٹ سے 144 رنز بنائے جبکہ 17.36 کی بہترین ایوریج سے 11 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ جس میں جنوبی افریقہ کے خلاف فائنل میں 20 رنز کے عوض 3 اہم وکٹوں کی میچ وننگ کارکردگی بھی شامل ہے۔
بھارت کے سٹار فاسٹ بائولر اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بہترین کھلاڑی جسپریت بمرا بھی بائولرز رینکنگ میں 12 درجہ ترقی کے بعد 12ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ بمرا نے میگا ایونٹ میں 15 وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ کے فاسٹ بائولر اینرچ نورکیا سات درجے ترقی کے بعد اپنے کیریئر کی بہترین ٹاپ ٹو پوزیشن پر آگئے ہیں۔ اسی طرح آسٹریلیا کے مارکس سٹوئنس تیسری، زمبابوے کے سکندر رضا چوتھی اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ایک درجہ ترقی کے بعد پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=481281