ہالینڈ کے سائیکلسٹ تھامین آرینس مین نے ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس کا پندرہواں مرحلہ جیت لیا

195

میڈرڈ۔5ستمبر (اے پی پی):ہالینڈ کے سائیکلسٹ تھامین آرینس مین نے ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس کا پندرہواں مرحلہ جیت لیا۔ ریس میں سپین کے سائیکلسٹ اینرک ماس نے دوسری ،کولمبین سائیکل سوار میگوئل اینجل لوپیز نے تیسری ،آسٹریلین سائیکلسٹ جے وائن نے چوتھی جبکہ سلووینیا کے سائیکلسٹ اور دفاعی چیمپئن پریموز راگلییچ نے پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس سپین میں جاری ہے ۔ ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس کا 15واں مرحلہ مارٹوس سے سیرا نیواڈا تک پہاڑی راستے پر 148.1 کلو میٹر پر محیط تھا جس کو 22سالہ ہالینڈ کے سائیکلسٹ تھامین آرینس مین نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام حریف سائیکل سواروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ انہوں نے مطلوبہ فاصلہ 4گھنٹے 17 منٹ اور 17 سیکنڈز میں طے کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ریس کے 15ویں مرحلے میں سپین کے سائیکلسٹ اینرک ماس نے دوسری اور کولمبین سائیکل سوار میگوئل اینجل لوپیز نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

بیلجیم کے سائیکل سوار ریمکو ایونپول کا ریس کے چھٹے مرحلے سے ریڈ جرسی پر قبضہ حاصل کیا تھا جو تا حال برقرار ہے۔ ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس میں کل 21 مراحل ہیں جس میں شرکت کرنے والے سائیکل سوار کل 3ہزار 280.5 کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔ ویلٹا اسپانیا سائیکل ریس11ستمبر کو میڈرڈ ، سپین میں اختتام پذیر ہوگی۔