ہانگ کانگ۔6اگست (اے پی پی):ہانگ کانگ انٹرنیشنل کرکٹ سکسز ٹورنامنٹ سات سال کے وقفےکے بعد رواں سال نومبر میں منعقد ہوگا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے منظور شدہ یہ ٹورنامنٹ یکم سے تین نومبر تک کو ٹن کوانگ روڈ کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوگا، جس میں 12 ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ آئی سی سی کے رکن کرکٹ ہانگ کانگ چائنہ کے زیر اہتمام اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔
ایونٹ میں میزبان ہانگ کانگ، پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ سمیت دیگر ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ 2017ء میں آخری مرتبہ منعقد ہونے والے ایونٹ میں جنوبی افریقہ نے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ سب سے زیادہ پانچ پانچ مرتبہ ہانگ کانگ سکسز ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں جبکہ پاکستان نے چار مرتبہ ٹورنامنٹ میں فتح حاصل کی۔ سری لنکا، آسٹریلیا، بھارت اور ویسٹ انڈیز نے ایک ایک مرتبہ ایونٹ اپنے نام کر رکھا ہے۔