ہاکی جونیئر ایشیا کپ،پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ 1-1 گول سے برابر

198
ہاکی جونیئر ایشیا کپ،پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ 1-1 گول سے برابر

اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):ہاکی جونیئر ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کےدرمیان ہونے والا اہم میچ انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد 1-1 گول سے برابر رہا ،

پاکستان کی جانب سے واحد گول بشارت علی نے کیا ، عبدالحنان شاہد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔گرین شرٹس کو اپنے چوتھے میں جاپان کا چیلنج درپیش ہو گا ، ہاکی جونیئر ایشیا کپ کے سنسنی خیز مقابلے عمان کے شہر صلالہ میں جاری ہیں ، گروپ بی میں شامل روایتی حریفوں کے درمیان میچ دلچسپ ثابت ہوا۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے شروع ہی سے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا گیا ۔

میچ میں پہلی کامیابی بھارت کو 24 ویں منٹ میں حاصل ہوئی جب شرآنند تواری نے پنالٹی کارنر کے ذریعے گول کر دیا ، بھارت کی یہ برتری 44ویں منٹ میں اس وقت ختم ہو گئی جب پاکستان کے بشارت علی نے گیند کو جال تک پہنچا کر مقابلہ 1-1 گول سے برابر کر دیا ۔میچ کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم مزید گول سکور کرنے میں ناکام رہی ، اس طرح یہ میچ برابری پر ختم ہوا ۔ پاکستان کے عبدالحنان شاہد کو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ،

واضح رہے کہ گروپ بی میں پاکستانی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے ، بھارت کے بھی 7 پوائنٹس ہیں تاہم بھارت کا گول ڈیفرنس 20 جبکہ پاکستان کا گول ڈیفرنس 23 ہے ، پاکستانی ٹیم اپنا چوتھا گروپ میچ ( کل ) بروز پیر کو جاپان کے خلاف کھیلے گا۔