اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):پاکستان واپڈا کے کپتان اولمپیئن توثیق ارشد نے کہا ہے کہ ہاکی میں بین الاقوامی سطح نتائج حاصل کرنے کے لئے کرنے کے لئے ڈیپارٹمنٹس میں ہاکی کی بحالی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں نوکریوں کا کوٹہ بحال کرنے سے نوجوان نسل کھیلوں کی طرف راغب ہوگی۔ جس سے کھیلوں کو فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی طرح ہاکی میں بھی پروفشنل سپر لیگ کروانی چاہئے جس سے ہاکی کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ایک دور ایسا تھا ہاکی میں پاکستان کے پاس تمام بڑے بڑے اعزازات تھے جن میں اولمپک، ورلڈ، کامن ویلتھ گیمز اور ایشین گیمز کے علاوہ دوسرے بین الاقوامی سطح کے ایونٹ شامل تھے۔ کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑی بھی تعلیمی اداروں سے ہی آگے آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ سپانسر کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں کی ترقی میں بھی اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور اس کھیل میں پاکستان نے دنیا پر کئی سالوں تک حکمرانی کر رکھی تھی لیکن آہستہ آہستہ یہ اعزازات ہمارے ہاتھوں سے نکلتے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہاکی کے زیادہ سے زیادہ مقابلوں کا انعقاد ہونا چاہئے اور اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں بھی گراس روٹ پر ہاکی ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے۔ کوچز کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں توثیق ارشد نے کہا کہ قومی ٹیموں کے ساتھ تربیت یافتہ کوچز جو خود روزانہ کی بنیاد پر پریکٹس کرتے ہوں لگائے جائیں۔