لاہور۔17اگست (اے پی پی):ہدایت کار ایس ایم یوسف کی 30 ویں برسی 17اگست بروز ہفتہ کو منائی گئی ،انہیں دنیا سے رخصت ہوئے 30 برس بیت گئے، ہدایتکار ایس ایم یوسف 1910 ء میں ممبئی میں پیدا ہوئے اور تقسیم ہند کے کچھ عرصہ بعد پاکستان چلے آئے، انہوں نے ہندوستان میں مہندی، نیک پروین، آئینہ اور گرہستی جیسی کامیاب فلمیں بنائیں،ہدایت کار کی حیثیت سے ان کی پہلی فلم ”بھارت کا لعل تھی” جو1936 ء میں ریلیز ہوئی، آج بھی ان کا شمار برصغیر کے صفِ اول کے دس ہدایت کاروں میں ہوتاہے
،ایس ایم یوسف نے پاکستان میں بھی بڑی اور معیاری فلمیں بنائیں، انہوں نے اپنی فلموں میں نہ صرف مشرقی اقدار کو اجاگر کیا بلکہ معاشرے میں عورت کے کردار کی اہمیت کو بھی واضح کیا، ان کی فلم ”آشیانہ” اسی حقیقت کی غماز ہے،ہدایت کار ایس ایم یوسف نے خاندانی مسائل کے علاوہ دیگر موضوعات پر بھی فلمیں بنائیں جن میں گماشتہ، دولت، رنگیلا مزدور، کہاں ہے منزل تیری اور حیدر آباد کی نازنین شامل ہیں،پاکستان میں انہوں نے اپنی فلم ”مہندی ”کو دوبارہ سہیلی کے نام سے بنایا جو سپرہٹ رہی، سہیلی کے نغمات نے بھی ہر طرف دھوم مچا دی،1962ء میں ایس ایم یوسف کی فلم اولاد ریلیز ہوئی اور یہ بھی سپرہٹ ثابت ہوئی، انہوں نے پاکستان میں13 فلمیں بنائیں اور انہیں متعدد نگار ایوارڈز سے نوازا گیا،ایس ایم یوسف17 اگست1994ء کو لاہور میں انتقال کر گئے۔