ہری پور،خانپور ڈیم میں پانی کی کمی کے باعث زرعی آبپاشی کیلئے پانی کی فراہمی معطل کر دی گئی

146

ہری پور۔ 21 مئی (اے پی پی):خانپور ڈیم میں پانی کی آمد میں نمایاں کمی کے باعث زرعی آبپاشی کے لیے پانی کی فراہمی معطل کر دی گئی ہے۔ڈیم حکام نے بدھ کے روز تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس وقت خانپور ڈیم میں پانی کی سطح 1928.79 فٹ تک گر چکی ہے جو ڈیم کی مکمل ذخیرہ گنجائش 1982 فٹ سے کافی کم ہے۔ڈیم میں پانی کی آمد صرف 26 کیوسک ہے جبکہ اخراج 148 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے

جس کے باعث پانی کی سطح میں توازن برقرار رکھنے اور فوری بچاؤ کے اقدامات ناگزیر ہو گئے ہیں۔انکا کہنا ہے کہ زرعی مقاصد کے لیے پانی کی فراہمی گزشتہ تین روز سے معطل ہے اور یہ اقدام موجودہ قانونی اور انتظامی اصولوں کے مطابق اٹھایا گیا ہے تاکہ کم آمد کے دوران پانی کے ذخائر کا مؤثر انتظام ممکن بنایا جا سکے،پانی کی آمد میں کمی کی بڑی وجوہات موسمیاتی تبدیلیاں اور بارشوں کی کمی قرار دی جا رہی ہیں،خانپور ڈیم سے زرعی پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے

لیکن راولپنڈی اور اسلام آباد کے مکینوں کو پینے کے پانی کی فراہمی بدستور جاری ہے،ضلع ہری پور میں ہرو دریا پر واقع خانپور ڈیم نہ صرف زرعی بلکہ گھریلو استعمال کے لیے بھی پانی کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔