ہری پور۔ 04 مارچ (اے پی پی):ہری پورپولیس نےپرامن انسداد پولیو مہم کے لئے سیکورٹی پلان جاری کردیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق پلان کے تحت پولیو ٹیموں کے ساتھ 1100 سے زائد پولیس افسران و جوان سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم 5مارچ سے 9 مارچ تک جاری رہے گی۔ ہری پور پولیس پولیو کے خاتمے کے لئے حکومتی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ ڈی پی او ہری پور محمد عمر خان کے احکامات پر ضلع بھر میں پولیو مہم کے لئے سیکورٹی کے فُول پروف انتظامات عمل میں لاتے ہوئے سیکورٹی پلان جاری کردیا گیاہے۔
سیکورٹی پلان کے تحت پولیو ٹیموں کے ساتھ 1100 سے زائد پولیس افسران و جوان تعینات کئے جائیں گے۔ پولیو مہم کے سلسلہ میں ہری پور ڈسٹرکٹ کو 4 سرکلز اور 13 سب سرکلز میں تقسیم کیا گیا ہے۔سرکل ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز پولیو ٹیموں کی سیکورٹی انتظامات کی براہ راست نگرانی کریں گے۔ ضلع بھر کے تمام داخلی و خارجی راستوں اور تھانہ جات کی حدود میں مختلف مقامات پر ناکہ بندیوں کو مزید موثر کرتے ہوئے چیکنگ کا عمل مزید سخت بنایا گیا ہے۔
ڈی پی او ہری پور نے تمام سرکل افسران اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی ہے کہ تمام پولیو ٹیموں کے ساتھ تعینات افسران اور جوان الرٹ ہو کر فرائض سر انجام دیں تاکہ پر امن طریقے سے پولیو مہم اختتام پذیر ہو سکے۔ مزید عوام الناس کے نام پیغام میں کہا کہ اپنے چھوٹے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائے، پولیو ٹیموں اور ان کے ساتھ سیکورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوانوں کے ساتھ تعاون کریں ۔