ہری پور، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مائن ورکرز کے لیے فری میڈیکل کیمپ اور فرسٹ ایڈ ٹریننگ سیشن کا انعقاد

67

ہری پور۔ 23 جنوری (اے پی پی):ضلع ہری پور میں کان کنی سے وابستہ ورکرز کی صحت، حفاظت، فرسٹ ایڈ اور فلاح و بہبود کو فروغ دینے کیلئے ضلعی انتظامیہ ہری پور نے اسسٹنٹ کمشنر ہری پور محمد حمزہ عباس کی زیر سرپرستی بیڑ گائوں میں صحت سے متعلق ایک مفت میڈیکل کیمپ اور تربیتی سیشن کا انعقاد کیا، جس کی نگرانی ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (دوئم) ہری پور مصباح خالد نے کی۔ کیمپ اور تربیتی سیشن میں محکمہ صحت، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، انسپکٹر آف مائنز، سنیشا ویلفیئر آرگنائزیشن ہری پور نے تعاون کیا۔ پروگرام میں کان کنی کے شعبہ سے وابستہ200 سے زیادہ مزدوروں کو تربیت فراہم کی گئی۔ میڈیکل کیمپ میں مفت صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کی گئیں جبکہ تربیتی سیشن میں کارکنوں کو صحت اور حفاظت کے ضروری پروٹوکول کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے پر توجہ دی گئی۔

تقریب ہری پور میں کان کنی ورکرز کے کام کے حالات اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کا حصہ تھی۔ اس اقدام نے ضلع میں کان کنوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لیے انتظامیہ کے عزم کو ظاہر کیا۔اس ٹریننگ میں کارکنوں کی صحت، حفاظت اور فرسٹ ایڈ کو ترجیح دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے کہاکہ ہم کان کن ورکرز کے ہماری معیشت میں اہم کردار کو تسلیم کرتے ہیں اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ وہ محفوظ اور صحت مند حالات میں کام کریں۔ضلعی انتظامیہ ہری پور نے مستقبل میں بھی اس طرح کے اقدامات کا انعقاد جاری رکھنے کا عہد کیا ہے تاکہ ضلع میں کان ورکرز اور دیگر کمزور آبادیوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دیا جا سکے۔

ضلع ہری پور کی دوسری تحصیلوں خان پور اور غازی میں بھی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ ڈپٹی کمشنر ہری پور کے اس اقدام سے پورے ضلع کے کان کن استفادہ حاصل کر سکیں۔