ایبٹ آباد۔ 29 جنوری (اے پی پی):ہری پور پولیس نے میڈیکل سٹور پر اسلحہ کی نوک پر ڈکیتی کرنے والے 3 رکنی گروہ کو گرفتار کر کے مال مسروقہ برآمد کر لیا۔ ہری پور پولیس کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود جی ٹی روڈ پر واقع ارسلان میڈیکل سٹور پر 20 جنوری کو رات کے وقت اسلحہ کی نوک پر نقدی اور موبائل فونز چھیننے کا واقعہ رونما ہوا۔ مدعی کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 392 تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج رجسٹر ہوا۔
ایس ایچ او تھانہ سٹی اعجاز علی نے پولیس نفری کے ہمراہ ڈی ایس پی سٹی منیر خان کی زیر نگرانی کارروائی کرتے ہوئے وقوعہ میں ملوث 3 رکنی گروہ کے ملزمان حمزہ خان ولد خان افسر، فضیل خان ولد زرین خان اور فہد شاہ ولد زاہد حسین شاہ سکنان رجوعیہ حویلیاں کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان کے قبضہ سے چھینی گئی رقم 55 ہزار300 روپے، 2 موبائل فونز اور وقوعہ میں استعمال ہونے والا کیری ڈبہ اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ ملزمان نے ہری پور کے مختلف مقامات پر بھی ڈکیتی کا انکشاف کیا ہے۔ ملزمان سےتفتیش جاری ہے ۔