ہری پور ،ورلڈ بنک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ز پر مشتمل وفد نے تربیلا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا

95
ورلڈ بنک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز پر مشتمل وفد کا تربیلا ڈیم کا دورہ

ہری پور۔ 18 فروری (اے پی پی):ورلڈ بنک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ز پر مشتمل وفد نے قومی اہمیت کے حامل تربیلا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ وفد نے مین ڈیم، تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ، اور زیر تعمیر تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر وفد نے ان لٹ(Inlet)، ٹنل اور پاور ہاؤس پر تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) بھی دورے میں وفد کے ہمراہ تھے۔

ممبر (فنانس)، ممبر (پاور)، جنرل منیجر (کوآرڈی نیشن اینڈ مانیٹرنگ)واٹر، جنرل منیجر تربیلا ڈیم پراجیکٹ، تربیلا چوتھا توسیعی منصوبے کے چیف انجینئر/ پراجیکٹ ڈائریکٹراور چیف انجینئر (او اینڈ ایم) اور چیف انجینئر/ پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ کے علاوہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تربیلا ڈیم، تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن اور تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ ورلڈ بنک کی مالی معاونت سے تعمیر کیے گئے ہیں جبکہ زیر تعمیر تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کیلئے بھی ورلڈ بنک390 ملین امریکی ڈالرز فراہم کررہا ہے۔

وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ترقی کے سفر میں ورلڈ بنک اور واپڈا گذشتہ 6 دہائیوں سے شراکت دار ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ پانی اور پن بجلی کے منصوبوں کی ترقی کے ذریعے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے ورلڈ بنک کا تعاون حاصل رہے گا۔بریفنگ کے دوران وفد کو بتایا گیا کہ تربیلا ڈیم 1974میں اپنی تکمیل سے اب تک پاکستان کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔

تربیلا ڈیم سے زرعی مقاصد کیلئے 411ملین ایکڑ فٹ پانی فراہم کیا جا چکا ہے جبکہ تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے نیشنل گرڈ کو مجموعی طور پر 597ارب30کروڑ90 لاکھ یونٹ سستی پن بجلی فراہم کی جا چکی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں ایک ملین ایکڑ فٹ پانی کے معاشی اور اقتصادی فوائد ایک ارب امریکی ڈالرز کے مساوی ہیں، اس تناسب سے تربیلا ڈیم سے اب تک حاصل ہونے والے فوائد411 ارب امریکی ڈالرز کے مساوی ہیں۔

وفد کو مزید بتایا گیا کہ4 ہزار 888 میگا واٹ پیداواری صلاحیت کے ساتھ تربیلا، پاکستان کا سب سے بڑا پن بجلی گھر ہے، اور واپڈا کی مجموعی پن بجلی کی پیداوار میں سے تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کا حصہ 51 فی صد ہے۔پانچویں توسیعی منصوبے کی تکمیل پرتربیلا سے بجلی کی پیداوار بڑھ کر 6 ہزار418 میگا واٹ ہوجائے گی۔ تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ ورلڈ بنک کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ 2018 میں اپنی تکمیل سے اب تک یہ منصوبہ 27کروڑ53لاکھ10ہزار یونٹس پن بجلی مہیا کر چکا ہے۔

تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے بارے میں وفد کو بتایا گیا کہ منصوبے کی اہم سائٹس پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور بجلی کی پیداوار 2026 میں شروع ہوگی۔ ورلڈ بنک کے وفد نے پانی اور پن بجلی کے وسائل کے ذریعے پاکستان کی معاشی اور معاشرتی ترقی میں واپڈا کے کلیدی کردار کی تعریف کی۔

وفد کو زیرتعمیر داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، جس کیلئے ورلڈ بنک ایک ارب 58کروڑ 80لاکھ امریکی ڈالرز فراہم کررہا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ منصوبے کی 13 اہم سائٹس پر تعمیراتی کم بیک وقت جاری ہے اور منصوبے سے بجلی کی پیداوار 2026 میں شیڈول ہے۔