ہری پور میں دیگر ترقیاتی کاموں کے ساتھ کروڑوں روپے کی لاگت سے گرڈ سٹیشنوں کی تعمیر کا کام جاری ہے عوام منصوبہ جات مکمل ہونے پر آئندہ 70 سالوں کیلئے بجلی کے مسائل سے چھٹکارا حاصل کر لیں گے، عمر ایوب خان

114

ہری پور۔ 29 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی، پٹرولیم و قدرتی وسائل عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ ضلع ہری پور میں دیگر ترقیاتی کاموں کے ساتھ کروڑوں روپے کی لاگت سے گرڈ سٹیشنوں کی تعمیر کی جا رہی ہے، منصوبہ مکمل ہونے پر آئندہ 70 سالوں کیلئے بجلی مسائل سے چھٹکارہ حاصل کر لیں گے،13 کروڑ روپے کی لاگت سے کھلابٹ ٹائون شپ اور 7 کروڑ سے کانگڑہ میں سڑکوں کی از سرنو تعمیر کی جائے گی۔ وہ گذشتہ روز بجلی فیڈرز اور کھلابٹ میں سڑکوں کی تعمیر کی افتتاحی تقریبات سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج سپلائی پراجیکٹ کی منظوری اور قبرستان اراضی کا مسئلہ فوری حل کیا جائے گا، گذشتہ دنوں 60 سے زائد ٹرانسفارمرز کھلابٹ ٹائون شپ کی آبادیوں کو فراہم کئے ہیں، سرائے نعمت خان اور صوابی میرا فیڈر جولائی میں مکمل کر لئے جائیں گے۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ جبری میں جہاں پہلے وولٹیج کے باعث موبائل بھی چارج نہیں ہوتا تھا، جبری فیڈر کے افتتاح کے بعد پورے 220 وولٹیج بجلی سپلائی کی جا رہی ہے، 8 ارب روپے کی لاگت سے حطار گرڈ سٹیشن کو مکمل کیا جائے گا اور 7، 7 کروڑ سے خان پور، سرائے صالح اور کلنجر کے گرڈ سٹیشنوں پر کام جاری ہے، خان پور گرڈ کا ٹینڈر بھی ہو چکا ہے جبکہ سرائے صالح اور کلنجر گرڈز پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر کیلئے مزید فنڈنگ کروائی جائے گی، انتخابی مہم کے تمام وعدے پورے کر کے کھلابٹ کو ماڈل بستی بنائیں گے۔ اس موقع پر عوام کو کورونا وائرس سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کے ساتھ وبائی مرض کے خاتمہ کیلئے دعا بھی کی گئی۔