ہری پور ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):ہری پور کے تھانہ خانپور پولیس نے گھر سے طلائی زیورات چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر کے سرقہ شدہ 25 تولے طلائی زیورات برآمد کر لئے۔ ہری پور پولیس کے مطابق تھانہ خانپور کی حدود محلہ پیراں والا میں رات کے اوقات میں گھر سے چوری کا واقعہ رونما ہوا، مدعی کی رپورٹ پر نامعلوم ملزم /ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 457.380 تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج رجسٹر ہوا۔
ڈی پی او ہری پور محمد عمر خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سرکل خانپور محمد عزیر اور ایس ایچ او تھانہ خانپور صدیق شاہ کو واردات میں ملوث ملزم/ملزمان ٹریس کر کے گرفتار کرنے اور سرقہ شدہ سامان کی برآمدگی کے احکامات جاری کئے۔
ایس ایچ او تھانہ خانپور نے ہمراہ نفری پولیس کے جدید سائنسی و تکنیکی بنیادوں پر مقدمہ میں تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے وادارت میں ملوث ملزم ہابیل شاہ ولد جہانگیر شاہ سکنہ حطار کو گرفتار کر کے سرقہ شدہ طلائی زیورات 25 تولے برآمد کر لئے. پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔