ایبٹ آباد۔ 11 نومبر (اے پی پی):ہری پو پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ساڑھے تین کلو سے زائد چرس اور ہیروئن برآمد کر لی۔ ہری پور پولیس کے مطابق ڈی پی او فرحان خان کی ہدایت پر منشیات فروشی میں ملوث عناصر کےخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ کھلابٹ ابرار خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش اقبال حسین ولد غلام نبی سکنہ محلہ دربند سیکٹر نمبر 4 کو گرفتار کر کے قبضہ سے 1 کلو 690 گرام چرس برآمد کر لی۔
منشیات فروش اقبال حسین پر اس سے قبل بھی مقدمات درج ہیں۔ ایس ایچ او تھانہ بیڑ سعید الرحمان نے ہمراہ نفری پولیس کے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشی میں ملوث جہانگیر ولد گلاب سکنہ باڑیاں درہ کلنجر کو گرفتار کر کے قبضہ سے 1 کلو 320 گرام چرس برآمد کر لی۔ ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ غازی صابر خان نے ہمراہ نفری پولیس کے کارروائی کرتے ہوئے عزیز علی ولد عاشق حسین سکنہ قاضی پور کو گرفتار کر کے قبضہ سے 497 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔