ایبٹ آباد۔ 07 جولائی (اے پی پی):ہری پور پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران 3 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے ساڑھے 7 کلو سے زائد چرس اور ہیروئن برآمد کر لی۔ ہری پور پولیس کے مطابق ڈی پی او فرحان خان کے احکامات کی روشنی میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ایس ایچ او تھانہ سرائے صالح اعجاز علی نے ایڈیشنل ایس ایچ او میاں لیاقت اور پولیس نفری کے ہمراہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران شہزاد احمد ولد انور خان سکنہ کانگڑہ کالونی کو گرفتار کر کے قبضہ سے 3 کلو 500 گرام چرس اور محمد عدیل ولد ارشد محمود سکنہ محلہ موتیاں کو گرفتار کر کے قبضہ سے 3 کلو 800 گرام چرس برآمد کی۔
ایس ایچ او تھانہ کوٹ نجیب اللہ محمد نواز خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے محمد نذیر ولد عزیز الرحمان سکنہ لیبر کالونی کو گرفتار کر کے قبضہ سے 480 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔