ہر جماعت کو انتخابات میں حصہ لینے کا پورا حق حاصل ہے، ملک میں معاشی استحکام ناگزیر ہے، پاکستان کے اکنامک ایجنڈے کو کسی صورت متاثر نہیں ہونا چاہئے، نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی سینیٹر سلیم مانڈوی والا سے گفتگو

69

اسلام آباد۔31اکتوبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ہر جماعت کو انتخابات میں حصہ لینے کا پورا حق حاصل ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے، ملک میں معاشی استحکام ناگزیر ہے، پاکستان کے اکنامک ایجنڈے کو کسی صورت متاثر نہیں ہونا چاہئے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں آئندہ انتخابات سمیت ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے، نگران حکومت انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کو ہر ممکن معاونت اور سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہر پارٹی کو انتخابات میں حصہ لینے کا پورا حق حاصل ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔

نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام نہایت ضروری ہے، پاکستان کے اکنامک ایجنڈے کو کسی صورت متاثر نہیں ہونا چاہئے۔ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اس توقع کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن حسب وعدہ جنوری کے آخری ہفتے میں انتخابات کروائے گا۔