لاہور۔18فروری (اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہر سفر میں ناکامی کو تسلیم کرنا اور مشکلات کا اعتراف کرنا بہت اہم ہے کیونکہ ان غلطیوں سے ہی ہم سیکھ کر کامیابی کی طرف جاتے ہیں،طلبا اپنے والدین اور اساتذہ کیلئے باعث فخر ہیں، انہیں دنیا اور آخرت میں کامیاب ہونے کیلئے اپنے ماں باپ کا احترام کرنا چاہیئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے اکیسویں کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کی صدارت گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کی اور صدر علم ٹرسٹ /یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد، وائس چیئر مین یو ایم ٹی \ علم ٹرسٹ فاروق سلمان مراد،ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، ڈائریکٹر جنرل یو ایم ٹی عابد ایچ کے شیروانی، رجسٹرار یو ایم ٹی سلیم عطا اور ہیڈ شعبہ امتحانات یوسف جمیل کے ہمراہ مختلف شعبہ جات کے 2311گریجو ایٹس میں ڈگریاں،میڈلز، سرٹیفیکیٹس اور ایوارڈز تقسیم کیے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ابراہیم حسن مراد کی کاوشوں، محنت اور لگن سے یو ایم ٹی کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچانے پر سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ یو ایم ٹی ڈاکٹر حسن صہیب مراد شہید کے وژن پر کام کر رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے اپنے ذاتی تجربات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح زندگی کے درپیش چیلنجز کا ڈٹ کر سامنا کرکے ان پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
چوہدری محمد سرور نے طلبا پر زور دیا کہ وہ پختہ عزم، مستقل مزاجی اور سچے جزبے کے ساتھ محنت کریں تاکہ ملکی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ انکی زندگی کا نصب العین ہے کہ زندگی میں کچھ بھی ناممکن نہیں۔
یو ایم ٹی فیملی کی جانب سے کمیونٹی حفاظت کے پیش نظر کووڈ19 کے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا گیا۔ تقریب میں2311طلبہ وطالبات میں ڈگریاں،میڈلز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جن میں 1458 بیچلرز،202 ماسٹرز،634 ایم ایس/ایم فل، اور 17پی ایچ ڈی ہیں۔مزید برآں 30پیٹرن گولڈ میڈلز، 32 ریکٹرسلورمیڈلز، 14ریکٹراکڈیمک ایکسیلنس ایوارڈز گولڈ میڈل, 13 سرٹیفکیٹس آف ایکسیلنس ایوارڈز، 10 ایم فل /ایم ایس کے طلبا کیلئے ریسرچ پبلیکیشن ایوارڈ،2 ڈاکٹر حسن صہیب مراد میڈل ایوارڈ (گولڈ) کے ساتھ پی ایچ ڈی کے ہر گریجویٹ کو 100000 روپے کا نقد انعام، 2خرم مراد میڈل ایوارڈ (گولڈ) کے ساتھ ایم بی اے ہر گریجویٹ کو 50000 روپے کا نقد انعام، 2 مبارک النسا میڈل ایوارڈ کے ساتھ بی بی اے گریجوایٹس کو 50000 روپے کا نقد انعام، 2 ڈاکٹر محمد احمد میڈل ایوارڈ کے ساتھ سوشل سائنسز گریجو ایٹس کو 25000 روپے کا نقد انعام، 1 فاسٹ ایکسی لینس ایوارڈ کے ساتھBSEE گریجویٹ کو 100000 روپے کا نقد انعام، 2 سرٹیفیکیشن آف ایپر ی سیشن، 19 ریکٹر ایوارڈ برائے انٹرپرینیورشپ اینڈ انوویشن، 6 ایکسٹرا کریکولر گولڈ میڈلز، 11 ایکسٹرا کریکولر سرٹیفیکیٹس سمیت دو ایلمنائی ایوارڈز بھی دیے گئے۔
کانوکیشن کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے گورنر پنجاب کا شرکت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ یو ایم ٹی کے طلبا، انکے والدین اوریو ایم ٹی اساتذہ کیلئے بہترین مثالی شخصیت ہیں۔
کانووکیشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے گریجویٹس کو ڈگریاں مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہمارے گریجویٹس کی زندگی کا ایک اہم فیزکامیابی سے مکمل ہو چکا ہے۔ ڈاکٹر آصف رضا نے بتایا کہ یو ایم ٹی نے ایک مخصوص ٹائم فریم کے دوران مختلف سنگ میل عبور کیے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ یو ایم ٹی کی فیکلٹی اور عملے کے جذبے اور عزم کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کیونکہ انکی محنت اور لگن سے ہی یو ایم ٹی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ممتاز اور بہترین تعلیمی اداروں میں شمار ہوتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ہمارے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا اپنی قابلیت کے سر پر یو ایم ٹی کا نام فخر سے روشن کرینگے۔ انہوں نے طلبا کو اپنے پیغام میں کہا کہ وہ زندگی کے اعلی مقاصد کیلئے جدو جہد کریں تاکہ وہ بہترین پیشہ ور اور قابل اعتماد انسان بن سکیں۔وائس چیئر مین یو ایم ٹی \ علم ٹرسٹ فاروق سلمان مراد نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے گریجویٹس اور انکے والدین کو مبارکباد پیش کی اور انہیں نصیحت کی کہ جب آپ اپنی زندگی کے اگلے مرحلے کا آغاز کرتے ہیں تو آپ کو معاشرے کے ذمہ دار شہری بننے کے ساتھ ساتھ اپنے فرائض کو بخوبی نبھانا پڑتا ہے تاکہ آپ کے چھوڑے گئے نقوش سے دنیا آپکو یاد کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ہر کامیابی پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرنا چاہیئے کیونکہ ہمیں کامیابی اور ترقی کے مواقع تب ہی ملتے ہیں جب سچی لگن سے محنت کرکے شکر گزار ہوتے ہیں۔ انہوں نے طلبا کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خودی کو پہچانیں اور اپنے آپ کو ایک برانڈ بنائیں۔صدرعلم ٹرسٹ / یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے فارغ التحصیل طلبا، انکے والدین اور اساتذہ کو پر مسرت موقع پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے یو ایم ٹی گریجوایٹس کو پیغام دیا کہ حالات جیسے بھی ہوں ہمیشہ اپنے اہداف پر مرکوز رہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہم یو ایم ٹی میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلبا کی گرومنگ اور کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ د ی جاتی ہے۔صدر یو ایم ٹی نے طلبا کو نصیحت کی کہ یو ایم ٹی نے آپکو تمام شعبہ جات کیلئے تیار کیا ہے کیونکہ اب آپ متحرک اور چیلنجنگ دنیا کا حصہ بننے جا رہے ہیں لہذا آپکو اپنے ملک و قوم کی فلاح اور ترقی میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے کبھی ہمت نہ ہاریں کیونکہ محنت ہمیشہ قوم کے لیڈر پیدا کرتی ہے۔یو ایم ٹی کے صدر ابراہیم حسن مراد نے گور ر پنجاب چوہدری محمد سرور کو سووینئر بھی پیش کیا۔