اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹڑ برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا ہے کہ ہر فرد تک صحت کی سہولیات کی رسائی ہمارا ایجنڈا اور مشن ہے، حکومت یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کے لیے پر عزم ہے۔ منگل کو وہ یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈبلیو ایچ او کا صحت کی دیکھ بھال تک رسائی آگے بڑھانے میں تعاون پر شکرگزار ہیں، ہر فرد کو بغیر مالی مشکلات کے صحت کی خدمات تک رسائی دینے کا ہمارا وژن یونیورسل ہیلتھ کوریج کے اصولوں سے ہم آہنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یونیورسل ہیلتھ کوریج کو آگے بڑھانے میں نمایاں پیش رفت پر فخر ہے۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ اضافی 10 ملین خاندانوں تک رسائی کے لئے ہم نے اس سال صحت سہولت پروگرام کو وسعت دی، صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے بلوچستان اور کے پی کے میں نئی شراکت داری بھی شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت کی نمایاں کامیابیوں اور رسائی کو بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے ہیں، گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان نے صحت عامہ پر اخراجات میں اضافہ کر کے سماجی تحفظ کو وسعت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں صحت کی عدم مساوات کو دور کرکے یو ایچ سی کے مرکزی خیال بارے ذمہ داری پوری کی گئی۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا کہ پی ایچ سی پر مرتکز ماڈل آف کیئر کا تین اضلاع میں لاگو کیا جانا ڈبلیو ایچ او اور دیگر شراکت داروں کے تعاون سے ممکن ہوا، یونیورسل ہیلتھ کوریج حاصل کرنے کے تناظر میں آر ایم این سی اے ایچ سروسز ایک اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے کئی تکنیکی دستاویزات تیار کی گئی ہے، تکنیکی دستاویز تولیدی، زچگی، نوزائیدہ، بچوں کی صحت کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ معیاری دیکھ بھال تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو بااختیار بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو جنریشن، پولنگ اور سٹریٹجک خریداری سے نمٹنے کے لیے ایک جامع ہیلتھ فنانسنگ حکمت عملی تیار کی ہے۔ ڈاکٹر مختار بھرتھ نے اس موقع پر عہد لیا کہ آئیے ہم ایک صحت مند اور زیادہ مساوی پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔