ہر فورم پر خیبرپختونخوا کے صحافیوں کا مقدمہ لیکر جاونگا ،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

32

پشاور۔ 09 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے صحافی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پہلی صف کے سپاہی تھے ، ہر فورم پر خیبرپختونخوا کے صحافیوں کا مقدمہ لیکر جاونگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں وڈیو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کے دوران کیا ،

تقریب میں نظامت کے فرائض سینئر صحافی امجد عزیز ملک نے سرانجام دیئے اس موقع پر پشاور پریس کلب کے صدر ایم ریاض، ایسوسی ایشن کے صدر اشفاق حسین شیخ ، تنظیم کے بانی رضوان شیخ نے بھی خطاب کیا ، گورنر خیبرپختونخوا نے نئی کابینہ کو جمہوری انداز سے منتخب ہونے پر مبارکباد دی انہوں نے کہا کہ تنقید برائے اصلاح کا پیپلز پارٹی خیر مقدم کرتی ہے جو سلسلہ آج شروع کیا مجھے یقین ہے مستقبل میں یہ گورنر ہاؤس میں جاری رہے گا ، وڈیو اور فوٹو جرنلزم کی دنیا معترف ہے اس میں کارکنوں کی اہمیت مسلمہ ہے ، انہوں نے کہا کہ دنیا میں میڈیا کا کردار اور اہمیت کبھی ختم نہیں ہوسکتی میڈیا اور سیاستدانوں کے درمیان چولی دامن کا ساتھ ہے ، تنقید برائے اصلاح ہو مگر فیک نیوز کا سدباب ضروری ہے ہمیں اسکی روک تھام کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا ،

پاکستان میں میڈیا کے درمیان مثبت مقابلہ ہونا چاہیے ، میں خیبرپختونخوا کے تمام میڈیا کارکنوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں محاذ اول کے سپاہی تسلیم کرتے ہوئے آپکی قربانیوں اور کردار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ، اس صوبہ کے امن کے لئے میڈیا ورکرز کی شہادتیں بھی ہوئی ہیں ، انہوں نے کہا کہ پشاور کے صحافیوں کے خدشات کے حوالہ سے میں وفاقی وزیر اطلاعات سے رابطہ کرونگا آپکے وکیل کا کردار ادا کرونگا ،

انہوں نے سوات میں انسانی جانوں کو بچانے والے رضاکاروں کو عمرہ پر بھجوانے کا اعلان کیا اور کہا کہ ہلال احمر سوات کو خصوصی ایمبولینس اور پانچ خصوصی کشتیاں فراہم کررہے ہیں جو رضاکار ہلال خان کے ساتھ رابطہ میں ہونگی ،صدر پشاور پریس کلب ایم ریاض نے کہاکہ صحافت کے جدید دور میں وڈیو اور فوٹو جرنلزم کی اہمیت کا انکار ممکن نہیں ، وڈیو جرنلسٹ عملا مشکل حالات میں میدان میں رہ کر کام کرتے ہیں ۔وڈیو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ اشفاق حسین نے سپاسنامہ پیش کیا۔ قبل ازیں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔