23.8 C
Islamabad
بدھ, اپریل 16, 2025
ہومعلاقائی خبریںہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں "ختم نبوت میں نوجوانوں کا کردار اور ان...

ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں "ختم نبوت میں نوجوانوں کا کردار اور ان کی ذمہ داریاں” کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار منعقد

- Advertisement -

مانسہرہ ۔15 اپریل (اے پی پی):ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں ختم نبوت میں نوجوانوں کا کردار اور ان کی ذمہ داریاں کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار اور کوئز مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ۔سیمینار کے مہمان خصوصی ممتاز دینی سکالر اور علم فاؤنڈیشن کے پروگرام ڈائریکٹر شجاع الدین شیخ تھے۔

انہوں نے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہا کہ ختم نبوت کے بعد قرآن کے پیغام کو انسانیت کے سامنے پیش کرنا، دین کو تھام کے کھڑا ہونا اور رسول اللہ کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا تحفظ ختم نبوت کا تقاضا ہے۔انہوں نے کہا رسول اللہ کے بعد آج دنیا میں انسانیت کی ہدایت کے لئے اسلام کو ان کے سامنے پیش کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔

- Advertisement -

شجاع الدین شیخ نے سیمینار میں شریک طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کے لئے ہدایت اللہ کی سب سے بڑی نعمت ہے لہٰذا آپ اپنے تمام علم اور مہارت کو ہدایت کے تابع رکھیں تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل ہو۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محسن نواز نے شجاالدین شیخ کی یونیورسٹی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام علمی مباحث کو فروغ دینے کا ذریعہ ہیں اور ان کا مقصد نوجوان طلباء کی درست سمت میں رہنمائی اور انہیں علمی، فکری اور اخلاقی حوالوں سے موثر کردار ادا کرنے کے لئے تیار کرنا ہے۔

انہوں نے یونیورسٹی کے شعبہ اسلامک اینڈ ریلیجس سٹڈیز کے چیئرپرسن ڈاکٹر شاہد امین کی سیمینار کے انعقاد کے لئے کی گئی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی مستقبل میں بھی دینی و معاشرتی حوالوں سے مثبت سرگرمیوں کی سرپرستی جاری رکھے گی۔ سیمینار میں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی شعبوں کے طلباء و طالبات، فیکلٹی ممبران، ڈینز اور انتظامی افسران نے شرکت کی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582117

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں